تین دن بارشیں ہی بارشیں، گرمی سے بے حال شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری، محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد(پی این آئی ) محکمہ موسمیات نے 16 مئی سے 18 مئی تک بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔بارش برسانے والا سسٹم اتوار کی رات سے منگل تک خوب برسے گا۔وسطی پنجاب، کے پی کے،کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش متوقع ہیں۔میدانی علاقوں میں گرچ چمک کے ساتھ گرد آلود ہواؤں اور تیز آندھی کا بھی امکان ہے۔بارشوں سے پنجاب اور کے پی کے میں درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔

 

عوام کو گرمی کی لہر سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی کٹائی کے لیے محکمہ موسمیات کی بارشوں سے متعلق پیشن گوئی کو مدِ نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔زرعی ترجمان نے کہاکہ فصل کی بروقت سنبھال کیلئے کٹائی اور گہائی سے پہلے مزدوروں ،تھریشر،ٹریکٹر،ترپال یا پلاسٹک شیٹ اور کمبائن ہارویسٹر کا انتظام کر لیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ اگر کمبائن ہارویسٹر سے برداشت کرنی ہو تو توڑی یا بھوسہ کی سنبھال کیلئے ویٹ سٹرا چاپر مشین کا استعمال کریں۔ کاشتکار بارش ہونے کی صورت میں کٹائی روک دیں۔گندم کے کھیتوں میں بارش کے پانی کے اخراج کیلئے فوری بندوبست کریں اور کٹائی موسم کے بہتر ہونے پر دوبارہ شروع کریں۔

 

کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹوں کا رخ ایک ہی طرف رکھیں۔کاشتکار اگلے سال کے بیج کیلئے بیماریوں سے پاک فصل کا انتخاب کریں اور فصل کو برداشت سے پہلے جڑی بوٹیوں،کانگیاری اور غیر اقسام کے پودوں سے پاک کرلیں۔خیال رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے کہا تھا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں مون سون بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ وفاقی وزیر نے مون سون بارشوں اور گلیشیئر پگھلنے سے متعلق قومی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔انہوں نے کہا تھا کہ جنوب مغربی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان میں اضافی مون سون بارشوں کا امکان ہے جبکہ جنوب مغربی پنجاب میں بھی اضافی مون سون بارشوں کا امکان ہے۔شیری رحمن کا کہنا تھا کہ زیادہ مون سون بارشوں کے باعث کوہ سلیمان کے حصوں میں سیلاب کا خطرہ ہے، جنوبی اور مشرقی سندھ میں کم بارشوں سے تھرپارکر، عمر کوٹ میں خشک سالی ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close