گرمی سے پریشان شہریوں کیلئےخوشخبری، محکمہ موسمیات نے گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشنگوئی کر دی

لاہور (پی این آئی) لاہور والے مزید بارش کیلئے تیار ہو جائیں، ملک کے دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشن گوئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں وقفہ وقفہ سے بونداباندی جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی ہلکی بارش سے شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا۔

 

درجہ حرارت میں کمی دیکھنے میں آئی جبکہ شہر کے ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 106ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گاتاہم بالائی خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان ،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران بالائی خیبرپختونخوا،بالائی و وسطی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیزہواؤں اورگرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔

 

ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہا۔سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں کاکول 28، مالم جبہ 08 ، پاراچنار 06،بالاکوٹ 05،کالام 04، بالائی دیر03، پنجاب میں چکوال 21، اٹک 12، نور پور تھل 07، جوہر آباد 05، مری 04،اسلام آباد(سید پور 04، ائیر پورٹ03، زیرو پوائنٹ02)، لاہور ائیرپورٹ، سرگودھا 02، منگلہ ، حافظ آباد 01، کشمیر میں مظفر آباد (سٹی 05، ایئر پورٹ 03) ،گڑھی دوپٹہ 02، راولاکوٹ 01، گلگت بلتستان میں گوپس اور بگروٹ میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اس دوران ملک میں زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت: شہید بینظیر آباد، مٹھی ، چھور 42، تربت ، حیدر آباد، سکرنڈ اور بہاولنگر میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close