گرمی سے پریشان روزہ داروں کیلئے خوشخبری آگئی، محکمہ موسمیات نے بارشوں کی نوید سنا دی

اسلام آباد (پی این آئی) ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا، اسلام آباد ، پنجاب ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں خشک اور گرم موسم کے بعد بادلوں اور ہواؤں کی انٹری سے موسم میں بہتری آگئی۔

آج بالائی علاقوں میں رم جھم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔اسلام آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور بوندا بازی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خطہ پوٹھوہار، میانوالی، سرگودھا، گجرانوالہ ، حافظ آباد اور سیالکوٹ میں بارش کا امکان ہے۔لاہور، شیخوپورہ ، فیصل آباد اور نارروال میں تیز ہواؤں اور بارشوں کا امکان ہے۔دیر، چترال، سوات، مانسہرہ، ہری پور اور مردان میں بارش متوقع ہے۔صوابی، نوشہرہ، پشاور، کرم ، کوہاٹ اور وزیرستان میں اندھی اور ہلکی بارش ہو گی۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سندھ کے مختلف اضلاع میں پارہ 45 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کر دیا، کراچی میں اگلے تین روز کے دوران موسم گرم رہنے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق کراچی: محکمہ موسمیات نے سندھ کے مختلف اضلاع میں گرمی کا پارہ 43 سے 45 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں اگلے تین روز کے دوران موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے، اس دوران شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں شدید گرمی برقرار رہنے کی توقع ہے، اور ان اضلاع میں گرمی کا پارہ 43 سے 45 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں مسلسل فعال رہیں گی، سمندری ہواؤں کے ساتھ مغربی سمت کی ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close