موسم اچانک تبدیل ہو گیا، شدید گرمی کی لہر۔۔۔ وجہ کیا ہے؟ محکمہ موسمیات نے وجہ بتا دی

کراچی(پی این آئی)ملک بھر میں ماضی کی نسبت اس بار گرمی نے اچانک ہی انٹری دے دی ہے جس پر وہ لوگ بھی پنکھوں کے سوئچز کی طرف لپکے ہیں جو کل تک گرم کپڑے پہن رہے تھے۔موسم کی اس اچانک تبدیلی کی وجہ جاننے کے لیےمحکمہ موسمیات سے رابطہ کیا گیاتو ڈائریکٹر فور کاسٹ ظہیر الدین بابر نے بتایا کہ ’اس کی وجہ ہوا کا دباؤ بڑھ جانا ہے۔

 

‘اسلام آباد کے موسم کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اگلے چند روز تک موسم گرم اور خشک رہے گا اور درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہو گا۔ظہیر الدین بابر نے یہ بھی بتایا کہ جمعے تک موسم ایسا ہی رہنے کا امکان ہے جبکہ اسی روز شام کے وقت آندھی چلنے کا امکان ہے جس سے موسم میں بہتری آئے گی۔محکمہ موسمیات کی جانب سے منگل کو ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں ہفتہ بھر درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان ، بالائی سندھ، جنوبی پنجاب، کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں دن کا درجہ حرارت 09 سے10 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، بالائی اوروسطی پنجاب، خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان، زیریں سندھ اور جنوبی بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 07 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

 

‘ محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ یہ حالیہ لہرانسانوں، جانوروں اور فصلوں کو پر اثرانداز ہو سکتی ہے اور فصلوں کو پانی کی کمی کا خدشہ ہو سکتا ہے۔ اس لیے کسان موسمی حالات کے پیش نظر فصلوں کے لیے پانی کا انتظام کر لیں۔محکمے کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’سندھ اور جنوبی پنجاب میں گندم کی قبل از وقت کٹائی کا آغاز بھی ہو سکتا ہے۔‘ایڈوائزری کے مطابق غیر معمولی درجہ حرارت کے باعث اسلام آباد اور لاہور میں پولن کی مقدار میں اضافہ متوقع ہے۔ لوگ سورج کی روشنی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اس کے علاوہ شمالی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں بعد دوپہر تیزگرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close