مغربی ہوائوں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ۔۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چار دن مسلسل تیز آندھی اور بارشوں کی پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) مغربی ہواؤں کا سلسلہ پاکستان میں داخل، محکمہ موسمیات کی آج سے جمعرات تک ملک بھر میں تیز آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آج سے جمعرات تک تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں آج اتوار سے جمعرات تک تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش و پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے جس سے فصلوں اور اسٹرکچرز کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے، آج اور کل بارش سے کرکٹ میچ متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو چکا ہے، منگل کے روز کوئٹہ، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین،ژوب، موسی خیل، وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، بھکر اور لیہ میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور اور گردونواح میں بارش شروع ہوچکی ہے، جس کے بعد موسم خوشگوار اور جاتی سردی بھی لوٹ آئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد سمیت صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔راولپنڈی ، اٹک،جہلم،چکوال، میانوالی ،بھکر،سرگودھا،خوشاب، گوجرانوالہ، گجرات ،لاہور،ناروال،سیالکوٹ میں آندھی ،تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سندھ کے بیشتراضلاع میں بھی موسم خشک جبکہ میں بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا تاہم سکھر ،لاڑکانہ اورجیکب آباد میں تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخواہ کے بیشتر اضلاع میں بھی آج موسم خشک رہے گا تاہم چترال، دیر،سوات، مالاکنڈ، کوہستان،شانگلہ، وزیرستان ،بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد،،صوابی، مردان، نوشہرہ میں تیز ہواوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ صوبہ بلوچستان میں مطلع ابرآلود جبکہ کوئٹہ،زیارت، پشین ،لورالائی،قلعہ عبداللہ،قلعہ سیف اللہ ، ژوب، بار کھان اور قلات میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close