مغربی سسٹم بادل برسانے کیلئے تیار، محکمہ موسمیات نے موسلا دھار بارشوں اور سردی کی نئی لہر کی پیشنگوئی کر دی

کراچی (پی این آئی) مغربی سسٹم بادل برسانے کیلئے تیار، کراچی اور لاہور میں بارش کی پیشن گوئی، شہر قائد میں بدھ کی صبح بوندا باندی کا امکان، لاہور میں بھی بادل برسنے کا امکان ظاہر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کی نوید سنائی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین موسمیات نے بتایا ہے کہ بارش برسانے والا مغربی سسٹم بلوچستان کے راستے سندھ میں داخل ہو گا۔

اس سسٹم کے تحت بدھ کی صبح کراچی میں بوندا باندی کا امکان ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ اس مغربی سسٹم کی وجہ سے کراچی میں تیزبارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ صبح سے شہر میں موسم آبرآلود رہے گا تاہم دن کے اوقات میں مطلع صاف ہوجائے گا۔ اسی مغربی سسٹم کے تحت سندھ کے دیگر شہروں سکھر ، بدین ، لاڑکانہ اور جامشورو میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے لاہور میں بھی دوبارہ بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔گزشتہ ہفتے جمعہ کی شب کو شہر میں موسلادھار بارش کے بعد موسم سرد ہو گیا تھا۔ جبکہ اب محکمہ موسمیات نے کل بروز بدھ لاہور میں بارش کی ایک مرتبہ پھر پیش گوئی کردی ہے۔

لاہور شہر کے موسم کی صورتحال کے حوالے سے جاری رپورٹ کے مطابق منگل کے روز سورج کے نکلنے سے شہر کے درجہ حرارت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ شہر میں فضائی آلودگی بھی کم ہونے لگی ہے، بدھ کے روز صوبائی دارالحکومت کے ائیرکوالٹی انڈیکس کی شرح 179 ریکارڈ کی گئی۔یہاں واضح رہے کہ مارچ کے مہینے کے آغاز کے بعد ملک میں اب بہار کے موسم کی باقاعدہ آمد ہو چکی۔ ملک کے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت بہت حد تک کم ہو چکی، تاہم شمالی علاقوں میں بارشوں اور برفباری کے باعث موسم اب بھی سرد ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close