50سے 90کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں، موسم کے تیور پھر بدل گئے، شہریوں کو الرٹ کر دیا گیا

مری (پی این آئی) مری،گلیات اور آزاد کشمیر میں برفانی طوفان نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ مری، گلیات اور آزاد کشمیر میں برفانی طوفان کے بعد محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ان شہروں میں 50 سے 90 کلو میٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ جبکہ دوسری جانب انتظامیہ نے کسی بھی صورتحال سے بچنے کے لیے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے گریز کریں۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مری سے باہر موجود شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ مری کا رُخ نہ کریں۔ اس کے علاوہ برفانی طوفان سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کے پاس کھانے پینے کی اشیا نہ ہونے کے برابر ہیں اور دواؤں کی قلت کا بھی سامنا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ رات مری اور گلیات میں شدید برف باری اور رش کے باعث سیاحوں کو عارضی طور پر روک لیا گیا تھا۔وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ برف باری کی وجہ سے اس وقت مری اور گلیات میں سیاحوں کا بے پناہ رش ہے اور تقریباً ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں اسلام آباد کے راستے مری اور گلیات کی طرف جا چکی ہیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ملکہ کوہسار میں سیاحوں کا بے پناہ رش ہے، اب تک ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں مری میں داخل ہو چکیں، اس تمام صورتحال میں مری میں مزید گاڑیوں کا داخلہ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ فی الحال مری کا رخ کرنے سے گریز کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ مری اور گلیات میں 1 لاکھ سے زائد گاڑیاں داخل ہونے کے بعد اسلام آباد، راولپنڈی سے مری کی جانب ٹریفک سست روی کا شکار ہے۔ مری جانے والی ٹریفک کو روک کر مری سے واپسی کے راستے سے سیاحوں کو نکالا جائے گا۔ سیاحوں کے بے پناہ رش کی وجہ سے اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ 24 گھنٹے مصروف عمل ہے۔جبکہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بھی بیان میں کہا کہ اسلام آباد سے مری جانے والے روڈ مفاد عامہ کے طور پر بند کر دیے گئے ہیں کیونکہ ٹریفک جام اور لوگوں کا رش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں سے درخواست ہے کہ اس وقت اپنے منصوبے ملتوی کریں، اسلام آباد سے جانے کی پابندی اتوار تک برقرار رہے گی۔

اس کے علاوہ سی پی اوراولپنڈی ساجد کیانی کا بتانا ہے کہ مری میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے راولپنڈی پولیس اور ضلعی انتظامیہ ملکر کام کررہے ہیں،مری میں سیاحوں کے رش کے مقامات پر غلط اورغیر قانونی پارکنگ نہیں ہونے دی جائے گی،مری کے داخلی اور خارجی راستوں پرسیاحوں کی سہولت کے لیے ٹور گائیڈ فورس سمیت خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ افسران خود فیلڈ میں نظر آئیں،سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی ہمار ا ولین فریضہ ہے،ملک بھر سے آئے سیاحوں کو بہترین سروس ڈیلیوری کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا،سیاحوں سے التماس ہے کہ تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ آپ کا سفر محفوظ رہ سکے، سیاح کسی بھی مسئلہ،ایمرجنسی اورہنگامی صورتحال میں 0519269200 پر رابطہ کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close