آج رات کہاں کہاں طوفان آنے کا خدشہ ہے، 50سے 90کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفان کی پیشنگوئی، الرٹ جاری کر دیا گیا

مری (پی این آئی) آج رات برفانی طوفان آنے والا ہے،گھروں سے بالکل باہر نہ نکلیں، 50 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفان آئے گا اور شدید برفباری ہو گی، مری اور دیگر سیاحتی مقامات کے رہائشیوں اور سیاحوں کیلئے ہنگامی الرٹ جاری۔ تفصیلات کے مطابق مری اور گلیات کی انتظامیہ کی جانب سے مقامی آبادی اور سیاحوں کیلئے ہنگامی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

مری، گلیات اور آزاد کشمیر کیلئے طوفانی موسم کا الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ آج رات ان علاقوں میں برفباری طوفان آنے والا ہے۔ شدید موسمی صورتحال رات گئے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں 50 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفان آئے گا اور شدید برفباری ہو گی۔ بتایا گیا ہے کہ مری میں اس وقت شدید برفباری جاری ہے۔اس تمام صورتحال میں حکومت کی جانب سے فوری اور ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔حکومت نے مری جانے والے تمام راستے بند کرنے کر دیے ہیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ملکہ کوہسار میں سیاحوں کا بے پناہ رش ہے، اب تک ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں مری میں داخل ہو چکیں، اس تمام صورتحال میں مری میں مزید گاڑیوں کا داخلہ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ فی الحال مری کا رخ کرنے سے گریز کیا جائے۔ان کا کہنا ہے کہ مری اور گلیات میں 1 لاکھ سے زائد گاڑیاں داخل ہونے کے بعد اسلام آباد، راولپنڈی سے مری کی جانب ٹریفک سست روی کا شکار ہے۔ مری جانے والی ٹریفک کو روک کر مری سے واپسی کے راستے سے سیاحوں کو نکالا جائے گا۔

سیاحوں کے بے پناہ رش کی وجہ سے اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ 24 گھنٹے مصروف عمل ہے۔ دوسری جانب سٹی پولیس آفیسرراولپنڈی ساجد کیانی کی ہدایت پرمری میں سیاحوں کی راہنمائی اور سہولت کے لیے ٹور گائیڈ فورس سر گرم عمل ہے،ٹور گائیڈ فورس ضلعی پولیس اورٹریفک پولیس کے 200کے قریب تربیت یافتہ اہلکاروں پر مشتمل ہے،خصوصی فورس سیاحوں کو راہنمائی،معاونت اور ٹریفک کی روانی کو بھی برقرار رکھنے کے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔بتایا گیا ہے کہ مری میں حالیہ برفباری کے دوران پیر کی صبح سے لے کر اب تک 133000 گاڑیاں داخل ہوئیں جن کو ٹور گائیڈ فورس کی مدد سے بہترین سہولیات فراہم کیں گئیں۔ سی پی اوراولپنڈی ساجد کیانی کا بتانا ہے کہ مری میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے راولپنڈی پولیس اور ضلعی انتظامیہ ملکر کام کررہے ہیں،مری میں سیاحوں کے رش کے مقامات پر غلط اورغیر قانونی پارکنگ نہیں ہونے دی جائے گی۔

مری کے داخلی اور خارجی راستوں پرسیاحوں کی سہولت کے لیے ٹور گائید فورس سمیت خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ افسران خود فیلڈ میں نظر آئیں،سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی ہمار ا ولین فریضہ ہے،ملک بھر سے آئے سیاحوں کو بہترین سروس ڈیلیوری کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا،سیاحوں سے التماس ہے کہ تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ آپ کا سفر محفوظ رہ سکے، سیاح کسی بھی مسئلہ،ایمرجنسی اورہنگامی صورتحال میں 0519269200پر رابطہ کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں