لاہور(پی این آئی) لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، لاہور میں 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے سرما بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کا اسپیل جاری ، لاہور میں بادلوں اور بارش نے ایک جانب موسم حسین بنا دیا تو دوسری جانب بارش سے لیسکو کے 90 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، شادمان، برانڈرتھ روڈ، شاہ جمال، علی پارک میں بجلی منقطع ہو گئی۔ رائل پارک، شاہدرہ، بیگم کوٹ، داتا نگر اور سگیاں کے علاوہ جوہرٹاؤن ،اچھرہ ،مزنگ ،شادی پورہ اور راوی روڈ کے علاقے بجلی سے محروم رہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے بھی شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری ہے، پنجاب کے دیگر شہروں گجرات، ننکانہ صاحب اور منچن آباد میں بھی بادل خوب برسے، جھنگ،پیر محل اور صفدر آباد میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔مظفر گڑھ شہر اور گردونواح میں گزشثہ رات سے وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، اوچ شریف میں بھی مینہ برستا رہا۔ کراچی میں بھی موسم سرما کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی کوئٹہ و گردونواح میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے بعد صوبے کے بیشتر اضلاع میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
ملک کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، خیبرپختونخوا میں میرانشاہ سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔ وادی نیلم میں ایک دن کے وقفے کے بعد بارش اور برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد موسم شدید سرد ہے، کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں