بارشوں کے منتظر افراد کا انتظار ختم، مغربی ہوائوں کا سب سے تگڑا سسٹم چند گھنٹوں بعد ملک میں داخل، کئی روز تک بارشوں اور برفباری کی پیشنگوئی

لاہور (پی این آئی) موسم سرما کی اچھی بارشوں کے منتظر افراد کا انتظار ختم ہونے کو ہے، کسانوں کے چہرے بھی کھل اٹھیں گے، رواں موسم سرما کے دوران مغربی ہواوں کا سب سے تگڑا سسٹم چند گھنٹوں بعد ملک میں داخل ہو گا، کئی روز تک بادل خوب برسیں گے، شدید برفباری بھی ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے سے 2022ء کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا سلسلہ 2 جنوری کی شام سے ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں داخل ہو گا،2 سے 6 جنوری 2022ء کے دوران کراچی، کوئٹہ، زیارت، پشین، بارکھان اور راجن پورمیں تیز ہوا کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔3 سے 7 جنوری کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، کشمیر، گلگت، سوات، مانسہرہ، پشاور، اٹک، لاہور اور جہلم میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔اس دوران مری، کوئٹہ، زیارت، پشین، گلیات، ناران، کاغان، ہنزہ، سوات اور مالم جبہ میں شدید برف باری کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گندم کی فصل کے لیے موسمِ سرما کی یہ ہونے والی بارشیں فائدہ مند ثابت ہوں گی۔

محکمہ موسمیات نے 3 سے 5 جنوری کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 4 سے 6 جنوری کے دوران شدید برف باری سے پہاڑی علاقوں میں راستے بند ہونے کا خدشہ بھی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے اس حوالے سے پہلے سے ضرورت انتظامات کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے لیے الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں