لاہور (پی این آئی) پاکستان کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج ہے۔ جس سے نہ صرف روزمرہ کے معمولات کی ادائیگی مشکل ہوتی جا رہی ہے بلکہ سڑکوں پر سفر کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث موٹر ویز کو مختلف مقامات پر بند کردیا گیا ہے جبکہ مختلف شہروں میں فلائٹ اور ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔
دھند کی وجہ سے لاہور اور سیالکوٹ ایئرپورٹ پر فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔ لاہور آنے والی 4 پروازوں کو اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔ دھند کے باعث کراچی اور کوئٹہ سے آنے والی ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔شدید دھند کے نتیجے میں ہی بہاولپور میں ٹریفک حادثے میں 3 افراد جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہوا جبکہ فیصل آباد میں ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ گوجرانوالہ میں دھند کے باعث کار نہر میں گر گئی جبکہ فیصل آباد اور بہاولپور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی آلودگی کی بدترین صورتِ حال ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں