کراچی میں دسمبر کے دوسرے ہفتے موسم سرما کے آغاز کی پیشنگوئی کر دی گئی

کراچی(آئی این پی) شہر قائد میں موسم سرما کا آغاز دسمبر کے دوسرے ہفتے کے بعد ہوگا۔ کم سے کم درجہ حرارت ماہ دسمبر میں 15 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ حالیہ دنوں میں شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 16 سے 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا کیا گیا۔چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ شہر میں سردی کا آغاز دسمبر کے دوسرے ہفتے کے بعد ہوگا، جس کے بعد درجہ حرارت میں بتدریج کمی آئے گی، ماہ جنوری میں شہر کا درجہ حرارت مزید کم ہوسکتا ہے، گزشتہ سال جنوری 2020 میں کم سے کم درجہ حرارت 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سردار سرفراز نے کہا ہے کہ شہر قائد میں عمومی طور سے سردی جنوری میں اختتام پر پہنچ جاتی ہیں اور اگر دورانیہ بڑھتا بھی ہے تو زیادہ سے زیادہ فروری کے وسط تک سردی برقرار رہتی ہے، موسم سرما میں کراچی میں شمال اور شمال مشرق کی سمت سے ہوائیں چلیں گی۔ چیف میٹ نے بتایا کہ اب سے تقریبا 30 سال قبل سردی کا آغاز دسمبر کے شروع میں ہی ہو جاتا تھا لیکن اب 2 ہفتے تاخیر سے ٹھنڈ کا موسم آتا ہے۔چیف میٹرولوجسٹ کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال موسم سرما میں بارش کا خاص امکان نہیں جبکہ پاکستان کے شمال سمیت سندھ میں بارش کا انحصار مغربی سسٹم پر ہوتا ہے، یعنی سائبیرین ہوائیں شمالی علاقوں کا رخ کرتی ہیں تو بارش کیامکانات بنتے ہیں اور یہی ہوائیں سندھ کراچی میں داخل ہوتی ہیں تو کراچی سمیت سندھ میں بھی موسم سرما میں بارش ہو سکتی ہے لیکن ایسا سسٹم بہت کم ہی تشکیل پاتا ہے، کوئٹہ میں برفباری اور بارش کے باعث بھی کراچی کی ٹھنڈ میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔

سردار سرفراز نے موسمی صورتحال میں تبدیلی کی وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ دنیا کیساتھ پاکستان کی اب و ہوا تبدیل ہوئی ہے، جس کے بعد موسم گرما کا دورانیہ بڑھ گیا ہے، دن اور رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوا ہے، کراچی میں سردی کا دورانیہ ویسے ہی کم ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ موسم بہار اور سرما سکڑتا جا رہا ہے، جس کے منفی اثرات ہیٹ اسٹروک کی صورت میں سامنے آتے ہیں، انسانی صحت متاثر ہوتی ہیں، زراعت کے شعبے سے لیکر واٹر سیکٹر بھی متاثر ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں