نومبر کا مہینہ اپنے اختتام کی جانب گامزن، محکمہ موسمیات نے شدید سردی کی پیشنگوئی کردی

کراچی (پی این آئی) شدید سردی والا موسم سر پر آن پہنچا، دھند نے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جیسے جیسے نومبر کا مہینہ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے، ملک کے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ماہرین موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے میدانی علاقوں میں شدت والی سردی کے آغاز کی پیشن گوئی کر رکھی ہے۔

جبکہ ملک کے شمالی ریجن میں موسم سرما کا پہلے سے ہی آغاز ہو چکا۔ ملک کے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ دھند والے موسم کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے کے بعد پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھانے لگی ہے۔ رات اور صبح کے اوقات میں دھند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سندھ کے علاقوں میں دھند کی آمد کے حوالے سے محکمہ موسمیات کے مطابق اندرون سندھ شدید دھند رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب پنجاب میں لاہور سمیت کئی علاقوں میں خطرناک فضائی آلودگی کی وجہ سے دھند کی بجائے سموگ کا راج ہے۔

جبکہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے رات میں سرد ہوائیں چلنے کا امکان ظاہرکیاہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں شہر قائد میں سرد ہوائیں چلنے کاامکان ہے اورچند روز بعد سردی کی شدت میں مزیداضافہ ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں