دسمبر سے بارشوں کا آغاز، رواں موسم سرما میں کتنی بارشیں اور برفباری متوقع ہیں؟ خوشخبری سنا دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)ویدر بسٹرز کے مطابق موسمِ سرما 2021 تا 2022 کی پیشگوئی: درجہ حرارت اور بارشیں معمول سے کم متوقع ہیں! دسمبر کے پہلے 10دنوں میں بارشوں کا آغاز ہو سکتا ہے۔جدید ترین موسمیاتی ماڈل کی مدد سے موسم کا حال نے موسمِ سرما دسمبر 2021 تا فروری 2022 کی پیشگوئی تیّار کی ہے۔رواں سال بھی موسمِ سرما کا آغاز معمول سے 2 سے3 ہفتے قبل، یعنی نومبر کے دوسرے ہفتے میں ہی ہو چکا ہے۔

تاحال ملک بھر میں بارشیں معمول سے کم ہیں،جو کہ حیرانی کی بات نہیں کیونکہ نومبر پاکستان کا خشک ترین ماہ ہے۔ موسمِ سرما سے موسمِ بہار تک طاقتور لا نینا برقرار رہنے کی توقع ہے۔خیبر پختونخواہ، پنجاب، کشمیر اور بلوچستان میں مجموعی طور پر باریشیں معمول سے کم یا کافی کم رہیں گی، جبکہ خیبر پختونخواہ کے پہاڑی مقامات، مغربی گلگت بلتستان اور کشمیر کے انتہائی شمالی مقامات میں مجموعی طور پر بارش اور برفباری معمول سے تھوڑا کم یا کم متوقع ہے۔دسمبر اور جنوری کے دوران سردی عروج پر ہوگی، تاہم ابر آلودگی اور بارش و برفباری میں اضافے کے باعث بالخصوص شمالی پنجاب بشمول راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، کشمیر اور شمالی خیبر پختونخواہ میں اوسطاً درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے تھوڑا کم رہنے کا امکان ہے۔مغربی ہواؤں کے یکے بعد دیگرے سلسلے (ہر ہفتے تقریباً ایک) 5 سے 10 دسمبر کے دوران بالائی پاکستان کو متاثّر کریں گے۔

موسمِ سرما میں پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخواہ کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 1 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کی توقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان، خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور کشمیر کے بلند مقامات پر درجہ حرارت معمول سے 3 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے، جو کہ معمول سے انتہائی کم ہیں۔گرد آلود دھند یا سموگ کی صورتحال 2020 کے مقابلے میں بدتر ہوگی جبکہ ہواؤں کی رفتار دسمبر کے ابتدائی دنوں تک بھی سست رہیگی۔ طاقتور مغربی ہواؤں کے سلسلوں سے بھی تازہ ہوا کی فی الوقت آمد ممکن نہیں۔ لہٰذا ہوا کے معیار میں نمایاں بہتری یا بگاڑ کی صورت میں ہم آپکو باخبر رکھیں گے۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور اور ملتان کے حسّاس مکینوں سے ماسک لازمی پہننے کی درخواست کی جاتی ہے۔ گھروں کے اندر ایئر پیورفائر یا کنڈیشنر کا استعمال کریں تاکہ آپکے کمرے کی فضا میں آلودہ مواد اکٹّھا نہ ہو۔

شمال مشرقی پنجاب میں 24 گھنٹوں پر مبنی ہوا کے معیار کی شرح 300 سے 500 یعنی انتہائی مضّرِ صحت جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ جنوبی پنجاب میں بھی ہوا کا معیار 200 سے زائد رہنے کی توقع ہے۔ رواں موسمِ سرما ملک کے زیادہ تر علاقوں میں ہوا میں نمی کا تناسب معمول کے مطابق یا معمول سے کم متوقع ہے۔ ملک میں سرد اور خشک ہواؤں کی آمد 1981 تا 2010 پر مبنی معمول سے زیادہ رہیگی۔  پاکستان بھر میں ہواؤں کی رفتار معمول سے کم رہیگی، بالخصوص خیبر پختونخواہ، پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں۔ کوئی ایسی موسمی سرگرمی متوقع نہیں جس میں تیز ہوائیں/آندھی چلے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close