اگلا چاند گرہن کب ہوگا اور کیا پاکستان میں دیکھا جاسکے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

اسلام آباد (پی این آئی) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں سال کا دوسرا چاند گرہن 19 نومبر (جمعہ) کو ہوگا جو پاکستان میں نہیں دیکھا جاسکے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 19 نومبر کو جزوی چاند گرہن ہوگا جو شمالی اور جنوبی امریکہ، آسٹریلیا اور یورپ کے کئی ملکوں میں دیکھا جاسکے گا تاہم پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔ اس کے علاوہ یہ چاند گرہن براعظم ایشیا کے کئی ملکوں سمیت شمال اور مغربی افریقہ میں بھی دیکھا جاسکے گا۔

پاکستانی وقت کے مطابق جزوی چاند گرہن کا آغاز صبح 11 بج کر دو منٹ پر ہوگا جس کے اختتام کا آغاز سہ پہر تین بج کر 47 منٹ پر ہوگا اور شام پانچ بج کر چار منٹ پر چاند گرہن ختم ہوجائے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 19 منٹ پر چاند کو جزوی گرہن لگے گا۔خیال رہے کہ رواں برس پہلا چاند گرہن 26 مئی کو لگا تھا جس کو سپر فل بلڈ مون کا نام دیا گیا تھا تاہم پاکستان میں دن ہونے کی وجہ سے اسے دیکھا نہیں جاسکا تھا۔ اس چاند گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دن میں ایک بجکر 48 منٹ پر ہوا اور مکمل چاند کو گرہن چار بج کر 11 منٹ پر لگا۔چاند گرہن کا اختتام شام چھ بج کر پانچ منٹ پر ہوا ۔ یہ چاند گرہن آسٹریلیا، چلی، انڈونیشیا، امریکہ، کوریا اور جاپان کے علاقوں میں دیکھا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close