پہاڑوں پر برفباری اور بارشیں ہی بارشیں، محکمہ موسمیات نے ہفتہ وار پیشنگوئی کر دی

سلام آباد(پی این آئی)محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے آخر میں ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔جمعے سے اتوار کے دوران شمالی و شمال مشرقی پنجاب / کشمیر / بالائی خیبرپختونخواہ / اور گلگت بلتستان کے اکثر علاقوں میں شدید گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں زبردست برفباری کا امکان ہے۔فی الحال اگلے چند دن موسمی صورتحال میں تبدیلی کے امکانات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بارش اور برفباری کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں، جمعرات کی رات یا جمعے کے روز سے ملک بالائی علاقوں پر اثرانداز ہونا شروع ہوں گی۔جس کے نتیجے میں جمعے سے اتوار کے دوران گلگت بلتستان، شمالی خیبرپختونخوا اور کشمیر سمیت ملک بیشتر شمالی علاقوں میں بارش اور اچھی برفباری کا امکان ہے۔اس دوران جنوبی آزاد کشمیر، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانولہ، لاہور ڈویژن سمیت بالائی پنجاب کے بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کے امکانات ہیں۔مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس سپیل کے بعد ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں موسم سرما کا آغاز ہو جائے گا۔جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں رواں ہفتے کے دوران موسم خشک رہے گا۔آنے والے سپیل میں ابھی تبدیلی ممکن ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں