ملک بھر میں سردیوں کی آمد لیکن وہ شہر جہاں آئندہ دنوں میں شدید گرمی کی پیشنگوئی کر دی گئی

کراچی(پی این آئی) کراچی میں سردیوں کی آمد کی بجائے موسم مزید گرم ہونے کی پیشن گوئی، شہر قائد میں 13 اکتوبر کے بعد درجہ حرارت میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات آئندہ چند روز کے دوران ملک کے ساحلی شہر کراچی میں موسم مزید گرم ہو جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 3 روز کے دوران شہر کا موسم گرم ومرطوب رہنے کی توقع ہے جس کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

تاہم 13 اکتوبر کے بعد شہر کے درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری اضافے کا امکان ہے جس سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق ٹرانزیشن پیریڈ (مون سون اور موسم سرما کا درمیانی دورانیہ) کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کا باعث بنے گا، تاہم گرمی کی اس لہر کے بعد موسم دوبارہ متوازن ہونے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ اکتوبر میں شہر کا موسم گرم و مرطوب رہنے کی توقع ہے جب کہ موسم سرما کی ابتدا ماہ نومبر کے وسط سے متوقع ہے جس کے دوران ابتدا میں صبح و رات کے اوقات میں خنکی اور بعدازاں موسم بتدریج سرد ہونے کا امکان ہے۔یہاں واضح رہے کہ ملک کے کئی علاقوں خاص کر شمالی ریجن اور بالائی پنجاب کے علاقوں میں درجہ حرارت میں واضح کمی آئی ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبرپختوںخواہ کے کچھ اضلاع میں اتوار کے روز ہوئی موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم قدرے سرد ہو چکا۔ جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخواہ کے کچھ علاقوں میں برفباری کے سلسلے کا بھی آغاز ہو گیا، جس کے بعد ان علاقوں میں سردی کے موسم کی باقاعدہ آمد ہو چکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close