گوادر (آئی این پی) گوادر میں سمندری طوفان شاہین کے اثرات سامنے آنے لگے،بارش، تیز ہوائوں، سمندر میں طغیانی اور تیز لہروں کے باعث لنگر انداز کشتیوں کو نقصان پہنچا ہے۔بارش کے بعد تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور مطلع ابر آلود ہے، گوادر کے مختلف مقامات پر بارش کا پانی جمع ہے اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔پسنی ، اورماڑہ اور جیوانی میں بھی تیزہواں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ
جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے خضدار، گوادر، لسبیلہ، آواران اور کیچ میں کل تک بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے، سمندری طوفان کے پیش نظر گوادر کے تمام پرائیویٹ اسکولز بند کر د یئے گئے تھے۔دوسری جانب طوفان کراچی سے مزید دور ہوگیا ہے، شہر میں موسم خوشگوار ہے اور مختلف علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوئی ہے۔خیال رہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان شاہین کا رخ مسقط کے ساحل کی طرف ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں