ٹھنڈے موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے تیار ہو جائیں، محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشنگوئی کر دی

لاہور(پی این آئی) لاہور والے ٹھنڈے موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے تیار ہو جائیں، محکمہ موسمیات نے صوبائی دارالحکومت میں مزید بارش کی پیشن گوئی کر دی، موسم ٹھنڈا ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مسلسل تیسرے روز بادل برسنے سے موسم خوشگوا ہو گیا۔

 

بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آنے پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا، جبکہ محکمہ موسمیات نے لاہور والوں کو دوبارہ ٹھنڈی ٹھنڈی خوشخبری سنا دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا موجودہ سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا، لاہور شہر میں مزید بارش ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد موسم ٹھنڈا ہو جائے گا۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں داخل ہونے والے بارشوں کے سلسلے کے باعث بدھ کے روز اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختوںخواہ کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش رپورٹ ہوئی۔بارش کے باعث کئی علاقوں میں موسم خوشگوار جبکہ کئی علاقوں میں موسم سرد ہو گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز جہاں اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختوںخواہ کے کئی علاقوں میں بارش ہوئی، وہیں کئی شمالی علاقوں میں برفباری کا بھی آغاز ہو گیا۔ بدھ کے روز ہونے والی برفباری کے بعد ان علاقوں میں موسم سرما کا آغاز ہو چکا، جبکہ ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد نے بھی برفباری والے علاقوں کا رخ کرنا شروع کر دیا۔ یہاں واضح رہے کہ ملک کے کئی علاقوں میں رواں ماہ ستمبر کے دوران معمول سے زائد بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ ماہرین موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون کا سیزن کچھ طویل ہو گیا، اسی باعث کئی علاقوں میں اس مرتبہ ستمبر کے وسط کے بعد بھی بارشیں ہو رہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close