محکمہ موسمیات نے ملک میں مون سون کا نیا سسٹم داخل ہونے کی پیشنگوئی کر دی، بارشیں کتنے دن جاری رہنے کا امکان ہے؟

کراچی(پی این آئی)بادل خوب برسیں گے، ملک کے بالائی حصوں میں مون سون کا نیا سسٹم داخل، محکمہ موسمیات نے ملک میں نئے مون سون سسٹم کا الرٹ جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں چوتھے مون سون راونڈ میں 23ستمبر سے بارشیں متوقع ہیں،شہر میں یہ سلسلہ 25 ستمبر تک گراج چمک اور تیز ہواوں کے ساتھ بارش برسائے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سسٹم سے شہر میں کہیں درمیانہ درجہ کی اور کہیں کہیں تیز بارش متوقع ہے۔ ماہرین موسمیات کی ایک اور رپورٹ کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں اتوار اور پیر سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے اس سلسلے کے باعث ملک کے شمالی علاقوں میں موسم ٹھنڈا ہو جائے گا، جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور سندھ میں بارشیں ہونے کی صورت میں گرمی کی شدت میں واضح کمی آئے گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ کے دوران اب تک ہونے والی غیر متوقع بارشوں کی وجہ سے بیشتر علاقوں میں پہلے ہی درجہ حرارت میں واضح کمی آ چکی، جبکہ مزید بارشوں کی صورت میں موسم مزید خوشگوار ہو جائے گا۔واضح رہے کہ رواں برس ملک میں مون سون سیزن معمول سے کچھ زیادہ طویل ہو گیا۔ عمومی طور پر مون سون سیزن کے دوران ماہ اگست میں زیادہ بارشیں ریکارڈ کی جاتی ہیں، تاہم رواں برس ماہ ستمبر میں بھی ٹھیک ٹھاک بارشیں ہو چکیں، جبکہ رواں ماہ کے دوران مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔یہاں یہ یاد رہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں ستمبر کے وسط کے بعد سے گرمی کی شدت میں واضح کمی آ جاتی ہے، جبکہ اکتوبر کے وسط سے کئی علاقوں میں موسم کسی حد تک سرد بھی ہونے لگتا ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے شدید گرمی کا سامنا کرنے والے شہریوں کی جانب سے اب موسم سرما کی آمد کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close