لاہور (پی این آئی) پنجاب میں بارشوں کی جھڑی جاری، لاہور میں دوسرے روز بھی بادل جم کر برسے، موسلا دھار بارش نے نشیبی علاقوں کو ڈبو دیا۔ سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا۔ بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا۔کئی فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔
محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کر دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ایکشن میں آ گئے انہوںنے صوبائی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور واسا حکام کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں، نکاسی آب کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، جتنی جلدی ممکن ہو سکے نکاسی آب کے کام کو مکمل کیا جائے۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کی طرح آج بھی متعلقہ افسران اور سٹاف محنت سے پانی کی نکاسی کا کام جاری رکھے، ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو وضع کردہ پلان کے مطابق متعین وقت میں یقینی بنایا جائے، نکاسی آب کے کام میں غفلت برداشت نہیں۔عثمان بزدار نے ٹریفک کی روانی کے لئے خصوصی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے فعال انداز میں فرائض سرانجام دیئے جائیں، انتظامی افسرا ن اور واسا حکام نکاسی آب کا کام اپنی نگرانی میں مکمل کرائیں، خدانخواستہ کسی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فی الفور امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں