مون سون ختم، پوسٹ مون سون بارشوں کا سلسلہ کب سے شروع ہونے والا ہے؟ پیشنگوئی کر دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)ویدر بسٹرز پاکستان کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقوں میں مون سون اب ختم ہو چکا ہے۔ رواں ہفتے 5 ستمبر تک مون سون بارشیں جنوبی اور جنوب مشرقی سندھ کو متاثر کریں گی جبکہ 7 ستمبر سے شمال میں پوسٹ مون سون بارشوں کا آغاز متوقع ہے۔ یکم تا 6 ستمبر تک ملک کے شمالی نصف حصّے میں موسم گرم، مرطوب اور صاف رہیگا اور دھوپ ہوگی۔ 12 ستمبر سے ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسمِ خزاں کا آغاز جائےگا

جبکہ دھوپ موسم گرم رہیگا۔ای سی ایم ڈبلیو ایف کے مطابق پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں، سواۓ جنوب مشرقی اور جنوبی سندھ کے جہاں تھرپارکر، بدین، ٹھٹّھہ اور کراچی سمیت مختلف علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش کا امکان ہے۔ درج ذیل تصاویر 1 اور 2 میں اپنے علاقے میں بارش کی ممکنہ کُل مقدار جانیں۔ملک کے شمالی نصف حصّے میں مغربی ہواؤں کے کم از کم 2 سے 3 سلسلوں کے زیرِ اثر پوسٹ مون سون بارشوں کا امکان ہے۔ اس ہی طرح صوبہ سندھ میں بھی پوسٹ مون سون کی کم از کم 1 سے 2 بارشیں متاثر کر سکتی ہیں۔شمالی خیبر پختونخواہ اور خطّہٰ پوٹھوہار کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے 2 ڈگری تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ شمال مشرقی پنجاب، وسطی پنجاب اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے 2 ڈگری کم رہنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخواہ کے پہاڑی علاقوں، کشمیر، ساحلی بلوچستان بشمول ضلع گوادر اور تربت/کیچ میں درجہ حرارت معمول سے 1 سے 3 ڈگری کم رہنے کی توقع ہے۔ جنوبی پنجاب، شمالی اور اندرون سندھ، گلگت بلتستان اور مشرقی بلوچستان بشمول ژوب، بارکھان، سبّی، خضدار اور لسبیلہ میں درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں