لاہور (پی این آئی) شدید گرمی کے موسم کو خیرباد کہنے کا وقت آگیا، مسلسل تیسرے روز موسلادھار بارش ہونے کے بعد بھی مزید بارشوں کی پیشن گوئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں مسلسل تیسرے روز موسلادھار بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ بتایا گیا ہے کہ مون سون اور مغربی ہواوں کے موجودہ سسٹم کے اختتام کے بعد بھی مزید بارشیں ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت کئی شہروں میں آئندہ 24گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے موسم تبدیل ہونا شروع ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز لاہور شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور آنے والے دنوں میں درجہ حرارت بدستور مزید کم ہوتا چلا جائے گا۔لاہور کے علاوہ دیگر شہروں کے درجہ حرارت میں بھی واضح کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ کے دوران ملک کے کئی شہروں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ ناصرف خیبرپختونخواہ، پنجاب اور دیگر شمالی علاقہ جات میں بادل برسیں گے، بلکہ سندھ میں بھی مون سون بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رواں برس سندھ میں مون سون سیزن کے دوران توقع سے 70 فیصد کم بارشیں ہوئیں ہیں، تاہم ستمبر کے پہلے 2 ہفتوں کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں اچھی بارشیں متوقع ہیں۔دوسری جانب ملک میں حالیہ مون سون بارشوں کی وجہ سے آبی ذخائر کی صورتحال بھی بہتر ہوئی ہے۔ ارسا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں تیزی کی وجہ سے دریاوں میں پانی کے بہاو میں بہتری آئی، اسی وجہ سے ملک کا سب سے بڑا ڈیم تربیلا پانی سے مکمل طور پر بھر چکا ہے۔ بارشوں میں اضافے اور آبی ذخائر کی صورتحال بہتر ہونے کو ملکی زراعت کیلئے اچھی خبر قرار دیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں