مون سون بارشوں کا ایک اور سپیل آنے والا ہے، بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشنگوئی کر دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)اس وقت مون سون ہواؤں کا ایک کم دباؤ ملک کے جنوبی علاقوں پر اثرانداز ہو رہا ہے۔جس کے نتیجے میں گزشتہ دو روز کے دوران بالخصوص سندھ کے جنوب مشرقی اور جنوبی علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارشیں جاری ہیں۔اگلے دو روز کے دوران ہوا کے اس کم دباؤ کے زیراثر سندھ کے جنوب مشرقی اور جنوبی علاقوں تھرپارکر، بدین، عمرکوٹ، مٹھی، اسلام کوٹ، میرپورخاص، ٹھٹھہ، سجاول، کیٹی بندر، حیدرآباد اور کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ مزید موسلادھار بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ سندھ کے وسطی اور بالائی علاقوں میں بھی کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ایک اچھی بارش کے امکانات ہیں۔5 ستمبر سے خلیج بنگال میں مون سون ہواؤں کا ایک اور کم دباؤ تشکیل پائے گا جوکہ انڈیا کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سبب بنے گا۔اس سسٹم کے زیراثر اگلے ہفتے کے دوران مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ پاکستان میں داخل ہوں گی۔7 ستمبر بروز منگل سے مون سون بارشوں کا نیا اور طاقتور سلسلہ آزاد کشمیر اور شمالی پنجاب سے شروع ہوگا ۔جوکہ وقت کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔رواں ماہ کے دوسرے اور تیسرے ہفتے کے دوران کراچی تا کشمیر ملک کے بیشتر علاقوں میں اچھی بارشوں کی توقع کی جا رہی ہے۔اس دوران آزاد کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں معمول سے زیادہ بارشوں کے امکانات ہیں۔جس کے باعث ان علاقوں کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close