جنیوا (شِنہوا)دنیا کے معروف سائنسدانوں نے پیش گوئی کی ہے کہ آنے والی دہائیوں میں دنیا کے تمام علاقوں میں موسمیاتی تبدیلیوں میں اضافہ ہوگا،گرمی کی لہریں بڑھیں گی،گرمیوں کا موسم طویل اور سردی کا دورانیہ کم ہوجائے گا۔ بین الحکومتی پینل آن کلائمیٹ چینج (آئی پی سی سی)کی پیر کو جاری ہونے والی تازہ رپورٹ کے مطابق، آب و ہوا کی تبدیلی آبی چکر کو تیز کرتے ہوئے زیادہ شدید بارشوں اوراس کی وجہ سے سیلاب کے ساتھ ساتھ کئی علاقوں میں زیادہ شدید خشک سالی کا باعث بن رہی ہے۔ “موسمیاتی تبدیلی 2021:فزیکل سائنس بیسز” کے عنوان سے یہ رپورٹ آئی پی سی سی ورکنگ گروپ Iنے تیار کی جسے 6اگست کو آئی پی سی سی کے 195ممبران نے ورچوئل سیشن کے دوران منظورکیا جو 26جولائی سے شروع ہو کر دو ہفتوں تک جاری رہا۔ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ساحلی علاقوں میں 21 ویں صدی کے دوران سمندر کی سطح میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آئے گا ، جس سے نشیبی علاقوں میں ساحلی سیلاب اور ساحلی کٹا میں اضافہ ہوگا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سطح سمندرکے شدید واقعات جوپہلے 100سال میں ایک باررونما ہوتے تھے اس صدی کے آخر تک ہر سال سامنے آسکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں