اسلام آباد(پی این آئی)ویدر بسٹرز پاکستان کے مطابق اگست کے مہینے میںپاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں بارشیں معمول سے تھوڑا کم متوقع ہیں۔ البتّہ مغربی حصّوں میں معمول سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔اگست کے پہلے ہفتے میں مون سون ہواؤں کی شدّت کمزور رہیگی۔ اگست کے لحاظ سے اس دوران مجموعی طور پر پنجاب، خیبر پختونخواہ اور سندھ کے میدانی علاقوں میں بارشیں معمول سے کم جبکہ درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے تھوڑا کم رہنے کی توقع ہے۔غربی ہواؤں کے 3 سے 4 سلسلے متوقع ہیں، جن کا ٹکراؤ مون سون ہواؤں سے متوقع ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے مغربی علاقوں بشمول خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے چند مقامات پر بارش کی شدّت معمول سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ تاہم اگست کے پہلے ہفتے اور آخری 10 دنوں میں شمال میں تیز بارشیں ہونے کا امکان ہے۔شمال مشرقی پنجاب (بشمول لاہور) اور جنوبی آزاد کشمیر (بشمول کوٹلی، میرپور اور بھمبر) میں مون سون ہواؤں کی شدّت کمزور ہونے کی وجہ سے معمول سے کم بارشوں کا امکان ہے۔ خطّہٰ پوٹھوہار میں بھی معمول سے کم بارش متوقع ہے، جہاں جنوبی حصّوں بشمول چکوال میں بارشیں معمول کے آس پاس جبکہ شمالی حصّوں بشمول راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارشیں معمول سے تھوڑا کم ہونے کی توقع ہے۔ ملک کے وسطی علاقوں میں مزید مغربی ہواؤں کے سلسلوں کے نتیجے میں فیصل آباد، ڈی آئی خان، ڈی جی خان اور سرگودھا ڈویژن میں معمول سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ ژوب، بارکھان، کوہلو، سبّی اور ڈیرہ بگٹی کے علاقوں میں مون سون کی شدّت زیادہ رہیگی۔ ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان کے علاقوں میں بارشیں معمول کے قریب یا معمول سے تھوڑا کم ہونے کا امکان ہے۔سندھ اور مشرقی بلوچستان میں اس ماہ بھی بارشیں معمول کے مطابق یا معمول سے تھوڑا کم متوقع ہیں، سواۓ مشرقی سندھ کے۔ اگست میں کراچی میں بارشیں معمول کے مطابق متوقع ہیں جہاں کئی علاقوں میں 75 سے 100 ملی میٹر تک کُل بارش ہو سکتی ہے۔ ایک یا دو مون سون سے منسلک کم دباؤ کے سلسلے بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں، جس کے سبب جنوب مشرقی سندھ بشمول تھرپارکر اور عمرکوٹ کے علاقوں میں 150 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے۔شمالی کشمیر اور خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان: ملک کے انتہائی شمالی مقامات میں بارشیں معمول سے کم یا ریکارڈ توڑ حد تک کم متوقع ہیں! تاہم درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے۔ پنجاب، خیبر پختونخواہ اور سندھ میں درجہ حرارت معمول کے آس پاس رہیں گے۔ شمالی بلوچستان کے پہاڑوں (بشمول کوئٹہ، قلّات اور زیارت) میں درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔ مکران اور اسکے ساحلی علاقوں بشمول تربت اور ضلع گوادر میں بھی درجہ حرارت معمول سے 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کی توقع ہے۔یاد رہے کہ گرینڈ سولر منیمم کے پیشِ نظر وہ علاقے جہاں بارشیں مغربی ہواؤں کے براہِ راست اثر سے ہونگی، وہاں کم سے کم درجہ حرارت معمول سے نمایاں حد تک کم رہنے کی توقع ہے، جبکہ بعض اوقات ایسے علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت اگست کے تاریخی سرد ترین درجہ حرارت کے آس پاس بھی گر سکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں