لاہور سمیت کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری، طوفانی بارشیں بڑی تباہی مچانے کیلئے تیار ہیں، پیشنگوئی کر دی گئی

لاہور (پی این آئی) پنجاب کے 2 دریا بپھرنے اور لاہور سمیت کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری، 27 جولائی سے 30 جولائی تک ملک کے وسطی اور شمالی علاقوں میں طوفانی بارشیں ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق وسطی و شمالی پنجاب سمیت خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں اورتیزہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہونیکا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ کے آخر میں مون سون بارشوں کا انتہائی تگڑا سسٹم پنجاب اور شمالی علاقوں کو متاثر کرے گا۔جاری رپورٹ کے مطابق 27 جولائی سے شروع ہونے والے بارشوں کے سلسلے کے باعث دریائے جہلم اور دریائے چناب میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ لاہور، گوجرانوالہ سمیت دیگر شہروں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، اس تمام صورتحال میں متعلقہ حکام کو ہنگامی صورتحال کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب خیبرپختونخواہ میں طوفانی بارشوں کی پیشن گوئی کے پیشن نظر پی ڈی ایم اے نے متعلقہ انتظامیہ اورتمام اداروں کو مراسلہ جاری کردیا ۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صوبہ کے بعض اضلاع میں مون سون کی بارشوں اورتیزہوائوں کا سلسلہ منگل سے شروع ہونے کا امکان ہے جو جمعہ کے دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ انتظامیہ اور اداروں کوپیشگی اقدامات اورالرٹ رہنے کی ہدایات کردی گئی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق شانگلہ،بٹگرام،بونیر،مانسہرہ،بالاکوٹ،ایبٹ آباد، کوہستان، مردان، چارسدہ ،کوہاٹ کی برساتی نالوں میں طغیانی کاخدشہ ہے، پشاورمیں اربن فلڈنگ اوربالائی اضلاع میں لینڈسلائیڈنگ کے بھی خدشات ہیں۔واضح رہے کہ ملک کے بیشتر علاقے اس وقت بادلوں کی لپیٹ میں ہیں، خاص کر وسطی پنجاب سے لے کر اسلام آباد، خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گہرے بادل چھائے ہیں، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بھی کئی علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close