سعودی عرب میں طوفانی بارشیں، مملکت میں سیلاب کا خدشہ، پیشنگوئی نے ہلچل مچا دی

ریاض(پی این آئی) سعودی عرب میں عید کے دنوں میں اچھی خاصی گرمی تھی۔ اگرچہ کچھ علاقوں میں بارشیں بھی ہوتی رہیں اور مطلع ابر آلود رہا تاہم مجموعی طور پر درجہ حرارت زیادہ ہی رہا ہے۔ تاہم گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارشوں نے گرمی کی شدت میں کمی کر دی ہے۔ کبھی کبھار بارش کی رحمت زحمت بھی بن جاتی ہے۔ کچھ ایسا ہی امکان سعودی محکمہ موسمیات کی جانب سے ظاہر کیا گیا ہے۔موسمیات کے قومی مرکز نے پیش گوئی کی ہے کہ آج کے روز مملکت کے متعدد علاقوں میں طوفانی بارشیں ہوں گی۔ گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارشوں کے باعث ریاض، نجران، جازان، باحہ اور عسیر کے کئی علاقوں میں طغیانی کی صورت حال پیدا ہو جائے گی۔ ان علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔جبکہ بارش سے قبل تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔ اس کے علاوہ مکہ کے پہاڑی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔دوسری جانب مشرقی ریجن، ریاض، مکہ اور مدینہ ریجن کے کئی علاقوں میں گرم گرد آلود ہوائیں چلیں گی جس سے حد نظر محدود ہو جائے گی۔ڈرائیورز کو شدید پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے، اس لیے انہیں محتاط ڈرائیونگ کرنا ہوگی۔ آج سب سے زیادہ گرمی دمام، حفر الباطن اور الاحسا میں پڑے گی جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت السودة میں 14 سینٹی گریڈ ہوگا۔گزشتہ روز کی بارشوں سے ریاض کی الافلاج اور وادی الدواسر کو ملانے والی سڑک سیلابی دھارے کی یلغار کے باعث کٹ گئی، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ الافلاج میں شدید بارشوں کی وجہ سے کئی مقامات کئی کئی فٹ گہرا پانی کھڑا ہو گیا ہے۔ الدخل کے علاقے میں بھی سیلابی صورت حال کا سامنا کرنا پڑر ہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close