پانچ روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، سعودی شہریو ں کو بھی بڑی خوشخبری سنا دی گئی

ریاض(پی این آئی) سعودی عرب میں اس بار شدید گرمی پڑ رہی ہے۔اگرچہ بارشیں بھی ہو رہی ہیں، تاہم گرمی کی شدت برقرار ہے۔ کئی مقامات پردرجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کا دوپہر کے وقت باہر نکلنا محال ہو گیا ہے۔ تاہم عید الاضحٰی کے آغاز سے قبل ایک اچھی خبر آ گئی ہے۔ سعودی محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مملکت میں پانچ روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔مختلف ریجنز میں جمعرات سے پیر تک بارشیں ہوں گی۔ اس وقت بھی نجران، جازان اور عسیر سمیت کئی ریجنز میں موسلادھار بارشیں جاری ہیں جن کی وجہ سے یہاں پر طغیانی آ گئی ہیے۔جس کے بعد محکمہ شہری دفاع نے وارننگ جاری کی ہے کہ نشیبی علاقوں میں بلاضرورت جانے سے گریز کیا جائے ۔خصوصاً سیر و تفریح کے لیے اس خراب موسم میں جانے سے باز رہیں کیونکہ کئی وادیوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے اور کئی مقامات پرکئی فٹ گہرا پانی بھی کھڑا ہوچکا ہے۔موسم سے متعلق ہدایات اور وارننگز پر پوری طرح عمل کیا جائے۔ آج ہفتہ کے روز جازان، عسیر،نجران، ریاض اور مشرقی ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوگی۔ اس کے علاوہ گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو گی۔ آج سب سے زیادہ گرمی حفر الباطن اور رفحا میں ہو گی جہاں کا درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا اور السودة کا درجہ حرارت 15 سینٹی گریڈ ہوگا۔ دوسری جانب حج مقامات پر درجہ حرارت 45ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔حج مقامات پر تیز گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔ حج کے روز ظہر کے بعد بارش کا بھی امکان ہے۔ عازمین کو حج کے دوران موسم کی صورت حال سے باخبر رکھنے کے لیے موسمی خبرنامے پیش کیے جائیں گے۔

close