لاہور (پی این آئی) اس مرتبہ عید پر بادل خوب برسیں گے، عید الاضحیٰ سے قبل عوام کیلئے ٹھنڈی ٹھنڈی خوشخبری۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے شہریوں کو عید الاضحیٰ کے حوالے سے ٹھنڈے موسم کی خوشخبری سنائی گئی ہے۔ ماہرین موسمیات نے بتایا ہے کہ عید کے تینوں روز بارش ہونے کا امکان ہے۔ قوی امکان ہے کہ 21 اور 22 جولائی کو ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون سیزن کے تحت اچھی بارشیں ہوں گی۔ملک میں مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل تقریباً ختم ہو چکا، 2 روز کے بعد بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہو گا جو اگست کے پہلے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں عید الاضحیٰ 21 جولائی بروز بدھ کو منائی جائے گی۔ ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہفتہ 10 جولائی کو محکمہ موسمیات کراچی میں چیئرمین مولانا سید عبدالخبیرآزاد کی زیرصدارت ہوا تھا۔مزکری رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمیں مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کے بعد چاند کی رویت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع صاف تھا جب کہ بعض علاقوں میں ابرآلود رہا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصے سے عیدالاضحی کا چاند دیکھنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی لہذا پاکستان میں عید 21 جولائی بروز بدھ کو ہو گی۔انھوں نے کہا کہ اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم ذی الحج پیر 12 جولائی کو ہوگی۔محکمہ موسمیات کے مطابق 10 جولائی کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 13 گھنٹے 22 منٹ تھی، چاند نظر آنے کے امکانات کم تھے۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ چاند نظر آنے کا وقت 7 بجکر 12منٹ سے 7بجکر 46 منٹ تک تھا۔ یاد رہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں عید الاضحیٰ 20 جولائی کو منائی جائے گی، جبکہ پاکستان سمیت کچھ ایشیائی ممالک میں عید الاضحیٰ 21 جولائی کو ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں