مون سون بارشوں کا سلسلہ، ماہرین صحت نے کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ظاہر کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی ) قومی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ مون سون میں کورونا ایک بار پھر پھیل سکتا ہے، این آئی ایچ نے موسم گرما اور مون سون میں بیماریاں پھیلنے کا الرٹ جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت کی جانب سے وفاقی اور صوبائی صحت کے اداروں کو مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ مون سون سیزن میں ناصرف کورونا ایک بار پھر پھیل سکتا ہے بلکہ اس کے علاوہ گرمیوں اور مون سون میں دیگر بیماریوں بشمول ہیپاٹائٹس اے اور ای، ہیضہ، ڈینگی، ملیریا، خسرہ، پولیو اور ٹائیفائیڈ کے پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام وفاقی، صوبائی اور ضلعی صحت انتظامیہ مؤثر نگرانی کریں تاکہ ان امراض سے ہونے والی اموات میں کمی کی جاسکے، جس کے لیے صحت عامہ سے متعلقہ ادارے موسمی خطرات پر مسلسل نظر رکھیں اور اس ضمن میں تمام ممکنہ اقدامات لیں کیوں کہ اس الرٹ کا مقصد بیماریوں کے پھیلاؤ کو بروقت روکنے کیلئے تدارک کرنا ہے۔دوسری طرف پاکستان میں کورونا وائرس کی تین اقسام ہونے کا انکشاف ہوگیا ، وزارت صحت پاکستان نے ملک میں پائے جانے والی کورونا وائرس کی اقسام کی تفصیلات جاری کر دیں ، ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کی کرونا وائرس کی صورتحال پر گہری نظر ہے، ادارہ کرونا وائرس کی مختلف اقسام مانیٹر کر رہا ہے۔سرکاری اعلامیے کے مطابق مئی کے آخر میں اور جون کے پہلے پندرہ دنوں میں مریضوں کے سیمپل لیے گئے ، ان سیمپلز میں ڈیلٹا(ہندوستانی)، بیٹا (جنوبی افریقی) اور الفا (یوکے) کی مختلف اقسام کی تشخیص ہوئی ، اعداد و شمار کو این آر ایچ کے فیلڈ ایپیڈیمولوجی اینڈ ڈیزیز سرویلنس ڈویژن اور دیگر متعلقہ قومی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیا گیا ، سیمپلز میں یوکے، انڈین اور ساؤتھ افریقن وائرس کی اقسام سامنے آئیں۔معلومات کو این آئی ایچ کی سرویلنس ڈویژن بھی بھیج دیا گیا ہے ، سرویلنس ڈویژن کورنٹائن اور کنٹیکٹ ٹریسنگ کے ذریعے اس پر مزید کام کرے گا ، وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ پاکستان میں موجود کورونا وائرس کی مختلف اقسام کی موجودگی کی نگرانی کر رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close