اسلام آباد ( پی این آئی ) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں اگلے تین روز میں بارش کی پیش گوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اگلے 3 روز میں ملک کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، جس کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، صوبہ پنجاب کے شہروں راولپنڈی اور لاہور میں اتوار تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے ، اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کی جانب سے کشمیر ، گلگت بلتستان ، چکوال ، فیصل آباد اور اٹک میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں سورج ان دنوں آگ برسا رہا ہے جس کے نتیجے میں شہر کا موسم خشک اور انتہائی گرم ہوگیا ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی حالیہ لہر آئندہ چند روز تک جاری رہے گی، ترجمان محکمہ موسمیات ڈاکٹر ظہیر بابر نے بتایا اکہ بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے جس سے جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے مکینوں کو شدید گرمی سے نجات ملے گی۔انہوں نے بتایاکہ بارشیں راولپنڈی اسلام آباد کے ساتھ کشمیر،گلگت، استور،مری،اٹک،چکوال،جہلم،گوجرانوالہ،گجرات،حافظ آباد ، بدین ، نارووال ، سیالکوٹ ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان سمیت مختلف علاقوں میں بھی متوقع ہیں ، انہوں نے کہاکہ بارشوں اور تیز ہواوں کے نئے سلسلے کے دوران گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا تاہم ان بارشوں سے لاہور کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی کے پہلے ہفتے میں شہر میں تیز بارشیں ہونگی جبکہ اگست کا پہلا ہفتہ بھی خوشگوار موسم کے ساتھ گزرے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں