آئندہ سات دن بارشیں ہی بارشیں، پری مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشنگوئی

اسلام آباد(پی این آئی)ویدر بسٹرز پاکستان کے مطابق ملک بھر کی پیشگوئی (اگلے 7 دن): رواں ہفتے موسمی سرگرمیاں رونما ہوتی رہیں گی۔ پاکستان بھر
میں چند مقامات پر یا کہیں کہیں گرج چمک کے طوفان بننے اور پری مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہیگا۔ اصل مون سون اب دیر سے آئے گی۔رواں ہفتےمغربی ہواؤں کے کم از کم 3 سلسلے متاثّر کرینگے، جن کے سبب چند مقامات پر یا کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش اور ساتھ مٹّی کے طوفان متوقع ہیں۔آسمانی بجلی گرنے کے اندیشے کے علاوہ ژالہ باری کا خدشہ بھی ہوگا۔ ہفتے کے اختتام تک شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت اضافے کیساتھ معمول کے قریب پہنچ جائیں گے۔ تاہم بلوچستان میں معمول سے انتہائی کم درجہ حرارت کا روجھان برقرار رہیگا۔پنجاب کے زیادہ تر علاقوں، کشمیر، خیبر پختونخواہ، سندھ اور مشرقی اور شمال مشرقی بلوچستان۔ اگلے 7 دنوں میں خیبر پختونخواہ اور پنجاب، آزاد کشمیر کے تمام علاقوں بشمول ایبٹ آباد، ہریپور، صوابی، اٹک، چکوال، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، بھکّر، میرپور، مظفّرآباد، ڈی جی خان اور ملحقہ اضلاع میں چند مقامات پر یا کہیں کہیں گرج چمک کے طوفان 3 سے 4 مرتبہ متاثّر کر سکتے ہیں۔منگل کی دوپہر یا شام سے بدھ کی صبح تک بارش کے امکانات سب سے زیادہ ہیں۔ جمعرات کی شام دوبارہ بارش کے امکانات ان علاقوں میں روشن ہونگے۔ ہلکی شدّت کے مٹّی کے طوفان آ سکتے ہیں جن میں ہواؤں کی رفتار 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ گرج چمک کے طوفان کے دوران کئی جگہوں پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ اگلے 7 دنوں میں جنوبی خیبر پختونخواہ، جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں کہیں کہیں کم از کم 2 سے 3 گرد یا گرج چمک کے طوفان کے سلسلے متاثّر کر سکتے ہیں۔ شمال مشرقی بلوچستان کے علاقوں بشمول بارکھان، کوہلو، ژوب، لورالائی، سبّی، ڈیرہ بگٹی اور نصیرآباد جبکہ ڈی جی خان ڈی آئی خان، بنّوں، لکّی مروت، بھکّر، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، رحیم یار خان، خضدار، لسبیلہ اور ملحقہ اضلاع میں تیز بارش کیساتھ ساتھ شدید ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔سندھ میں لاڑکانہ، دادو، نوابشاہ، سکّھر، کشمور،گھوٹکی، قمبر شہدادکوٹ، جامشورو اور حیدرآباد کے علاقوں میں بھی درج بالا موسمی صورتحال رونما ہو سکتی ہے۔ وسطی سندھ میں امکانات کم ہیں تاہم نوشہرو فیروز اور نوابشاہ کے علاقوں میں بھی پیچھے بنے گرج چمک کے طوفانوں سے مٹّی کے طوفان آ سکتے ہیں۔ کیرتھر کے پہاڑوں کے قریبی علاقوں میں باالخصوص ژالہ باری ہو سکتی ہے یکے بعد دیگرے مغربی ہواؤں کے سلسلوں کی وجہ سے مون سون ہوائیں وسطی بھارت تک ڈھکل جائیں گی، جس کے سبب رواں ہفتے کے اختتام تک نسبتاً گرم اور خشک ہوائیں داخل ہو جائیں گی، جس سے آج کے مقابلے درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ جائیں گے! کراچی میں رواں ہفتے گرج چمک کے طوفان بننے کا خاطر خواہ کوئی امکان نہیں۔ تاہم مطلع جزوی طور پر یا زیادہ تر ابر آلود رہنے کیساتھ بدھ سے ہفتے کے درمیان بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ جنوب مغرب کی سمت سے 25 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں جبکہ 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکّڑ چل سکتے ہیں۔ حیدرآباد اور میرپورخاص میں 50 سے 75 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی زیادہ سے زیادہ ہواؤں کیساتھ درجہ حرارت سال کے اس وقت کے معمول سے کم رہیں گے۔ موسمی سرگرمیوں کا مرکز جنوبی علاقوں میں ہونے کے باعث شمالی پاکستان میں رواں ہفتے درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔ رواں ہفتے کہیں بھی کوئی گرمی کی لہر کا امکان نہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ رہنے کے باعث ہیٹ انڈکس اصل درجہ حرارت سے 3 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ محسوس کیا جائے گا۔اس ہفتے کے دوران درجہ حرارت معمول سے 1 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہیں گے۔ ابر آلودگی کافی زیادہ ہونے کے باعث اس ہفتے میں زیادہ تر دن درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے۔ مکران کی ساحلی پٹّی سمیت بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہیں گے۔ مغربی اور جنوب مغربی بلوچستان (چاغی، پنجگور، تربت اور کیچ کے علاقوں) میں موسم زیادہ تر خشک اور گرم رہیگا جبکہ شمال کی سمت سے 50 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہوائیں پورے ہفتے دن کے وقت چلتی رہیں گی، جن کے سبب موسم انتہائی خشک اور گرم ہوگا۔ بہر حال درجہ حرارت معمول سے 1 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close