مغربی ہواؤں کا سلسلہ پاکستان میں داخل، گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے ٹھنڈی ٹھنڈی خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) گرمی کے ستائے عوام کیلئے اچھی خبر، مغربی ہواؤں کا سلسلہ پاکستان میں داخل، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مغربی ہواوں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہو گیا، جس کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں ابر رحمت برسے گی اور بارش کا یہ سلسلہ کئی دن تک جاری رہنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے- اتوار کی رات سے اسلام آباد، راولپنڈی ، لاہور، سیالکوٹ، گجرنوالہ سمیت بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر و گلگت بلتستان میں ہفتہ و اتوار کو بارش جم کر برسے گی، ابر رحمت برسنے سے نہ صرف درجہ حرارت میں کمی ہوگی بلکہ موسم خوشگوار ہوگا اور گرمی کے ستائے عوام کو چند روز کیلئے ٹھنڈی ہوائیں نصیب ہوں گے۔آج لاہور کا درجہ حرارت44 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا، دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں برسانے والا سسٹم پنجاب پہنچ گیا ہے جو پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشیں برسانے کا باعث بنے گا۔ اس کے علاوہ ملک بھرکے مختلف علاقوں میں بارش خوب برسے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جون کے آخری ہفتے میں مون سون سپیل شروع ہوگا ،جولائی کے پہلے ہفتے اچھی بارشیں ہوں گی جبکہ مون سون کا سپیل اگست کے پہلے ہفتےتک وقفے وقفے سے بارشیں برسائے گا۔واضح رہے کہ ملک کے بیشتر علاقے سال کے سب سے گرم مہینے جون کے آغاز کے بعد سے قیامت خیز گرمی کی لپیٹ میں رہے، تاہم گزشتہ 2 روز کے دوران مختلف علاقوں میں ہونے والی بارشوں کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔ جبکہ ملک میں آنے والے دنوں میں بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی آئے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close