اسلام آباد(پی این آئی)ویدر بسٹرز پاکستان کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر گرج چمک کیساتھ پری مون سون کی بارش اور ژالہ باری پاکستان بھر میں متوقع۔ درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے تاہم ہیٹ انڈکس (محسوس کئے جانے والا درجہ حرارت) جولائی کے طرز پر متوقع ہے۔مغربی ہواؤں کے کم از کم 2 سلسلے رواں ہفتے متاثّر کر سکتے ہیں، جن سے کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش اور مٹّی کے طوفان متوقع ہیں۔ ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کا خطرہ برقرار رہیگا۔پنجاب کے زیادہ تر علاقوں، کشمیر، خیبر پختونخواہ، سندھ اور مشرقی اور شمال مشرقی بلوچستاناگلے 3 دنوں میں شمالی اور وسطی خیبر پختونخواہ اور پنجاب اور آزاد کشمیر کے تمام علاقوں میں کم از کم 2 مرتبہ کہیں کہیں گرج چمک کے طوفان رونما ہو سکتے ہیں۔ منگل کی دوپہر/شام سے بدھ کو صبح سویرے تک اور پھر دوبارہ جمعرات کی شام کو بارش کے امکانات سب سے زیادہ ہیں۔گرج چمک کے ان طوفانوں کے دوران 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہلکی شدّت کی گرد آلود آندھی اور ساتھ 1.5 انچ سے زائد حجم کے بڑے اولے بھی کئی مقامات پر پڑ سکتے ہیں۔اگلے 3 دنوں میں جنوبی خیبر پختونخواہ، جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں کہیں کہیں گرد اور گرج چمک کے طوفان کا کم سے کم ایک سلسلہ اثر انداز ہو سکتا ہے۔ چنانچہ بارکھان، کوہلو، ڈی جی خان، ڈی آئی خان، بنّوں، بھکّر، ملتان، ساہیوال، بہاولپور اور اطراف کے اضلاع میں تیز بارش اور شدید ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ 15 جون بروز منگل کو رحیم یار خان، ژوب، سبّی، ڈیرہ بگٹی، نصیرآباد، خضدار، لسبیلہ اور ملحقہ اضلاع میں مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ متاثّر کر سکتا ہے جس کے سبب گرج چمک کے طاقتور طوفان رونما ہونے کیساتھ تیز بارش کے 40 فیصد امکانات ہیں۔ بدھ سے جمعہ کے درمیان شمال مشرقی بلوچستان کے درج بالا اضلاع جبکہ سندھ میں لاڑکانہ، دادو، نوابشاہ، کشمور، گھوٹکی، سکّھر، جامشورو اور حیدرآباد کے علاقوں میں طاقتور مٹّی کے طوفان اور گرج چمک کیساتھ تیز بارش ہو سکتی ہے جس میں آندھی کی رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ کیرتھر کی پہاڑی سلسلے کے قریبی علاقوں میں خصوصاً ژالہ باری کا امکان ہے۔ کراچی میں بھی اس دوران باالخصوص شمالی حصّوں میں گرج چمک کیساتھ بارش ہونے کے 30 فیصد امکانات ہیں۔ رواں ہفتے کے اختتام تک شمالی پاکستان میں درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے، جس کی وجہ موسمی سرگمیوں کا جنوبی علاقوں کی جانب منتقل ہونا ہے۔ تاہم گرمی کی کوئی لہر متوقع نہیں۔ہوا میں نمی کا تناسب کافی زیادہ ہونے کے باعث ہیٹ انڈکس یا محسوس کئے جانے والا درجہ حرارت اصل درجہ حرارت سے 5 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہوگا۔ رواں ہفتے درجہ حرارت معمول سے 1 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہیں گے جبکہ شدید گرج چمک کے طوفان رونما ہونے کی صورت میں کئی علاقوں میں جون کے تاریخی سرد ترین درجہ حرارت کا ریکارڈ برابر یا ٹوٹ سکتا ہے۔مغربی یا جنوب مغربی بلوچستان بشمول چاغی، تربت، کیچ اور گوادر کے اضلاع میں موسم زیادہ تر خشک اور گرم رہیگا جبکہ 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہوائیں دن کے وقت چلنے کی توقع ہے۔ رواں ہفتے کے وسط تک کچھ بدک بن سکتے ہیں تاہم بارش کا کوئی خاص امکان نہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں