گرمی سے بے حال پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر آگئی، اگلے چوبیس گھنٹوں میں بارش کا امکان

اسلام آباد (پی این آئی) گرمی سے پریشان عوام کیلئے خوشی کی خبر آگئی ، محکمہ موسمیات نے جمعہ سے ملک کے اکثر علاقوں میں ابر رحمت برسے کی پیش گوئی کردی ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ جمعے کے روز شام یا رات کے وقت بحیرہ عرب سے مرطوب ہواؤں کا سلسلہ ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہو گا ، جسکی وجہ سے جمعے کی شام یا رات سے پیر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکول، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بارشوں کا سلسلہ پیر کی صبح تک جاری رہنے کا امکان ہے۔اس کے علاوہ نارووال، سیالکوٹ، لاہور، قصور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان، بونیر، دیر، شانگلہ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش، اور اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق‎سندھ کے بیشتراضلاع میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔شہید بینظیر آباد، میر پور خاص، عمر کوٹ، تھر پارکر، ‎خیر پور، سانگھڑ، دادو، جیکب آباد، پڈعیدن میں موسم شدید گرم رہے گا، جبکہ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے، رات اورصبح کے اوقات ‏میں بوندا باندی کی توقع ہے ۔بارش سے نہ صرف درجہ حرارت میں کمی ہوگی بلکہ موسم خوشگوار ہوگا اور گرمی کے ستائے عوام کو چند روز کیلئے سکون نصیب ہوگا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کی لاہور میں بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر ڈی سی لاہور نے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close