اسلام آباد(پی این آئی)شدید گرمی کا سامنا کرتے پاکستان میں جمعہ سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔بدھ کے روز محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ خبر میں کہا گیا ہے کہ ’جمعے کے روز شام یا رات کے وقت بحیرہ عرب سے مرطوب ہواؤں کا سلسلہ ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہو گا۔‘ان مرطوب ہواؤں کے باعث جمعے کی شام یا رات سے پیر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکول، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاالدین میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔اس کے علاوہ نارووال، سیالکوٹ، لاہور، قصور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان، بونیر، دیر، شانگلہ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش، اور اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ’گلگت بلتستان کے علاقوں استور، گرمنگ، گھانچی اور شکر جب کہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں بھی جمعے سے پیر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔‘آئندہ چند روز میں موسمیاتی اتار چڑھاؤ کا ذکر کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’سنیچر سے اتوار کے دوران سرگودھا، بھکر، لیہ، خوشاب، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، بارکھان، موسیٰ خیل اور ژوب میں آندھی اور گرم چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔‘محکمہ موسمیات نے موسمی تبدیلی کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ’بارش کے باعث حالیہ گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے، البتہ سنیچر اور اتوار کے روز آندھی اور تیز بارش کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم اور راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔‘
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں