اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے ایسے میں محکمہ موسمیات نے 11 جون سے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیشگوئی کردی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 11 سے 14 جون کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، بالائی خیبر پختو نخوا اورشمال مشرقی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم ملک کے باقی حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ بارشوں کے دو سے تین سلسلے ہوں گے۔ جون کے آخری دو ہفتوں میں بارشوں کے باعث موسم بہتر رہے گا۔ رواں ماہ پہاڑوں سے برف پگھلنے کے عمل میں بھی تیزی آئے گی۔آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ سندھ، جنوبی و وسطی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں شدید گرم رہا۔ آج سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں ریکارڈ کیا گیا جہاں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ پر پہنچ گیا۔ اس کے علاوہ نور پور تھل میں 48، دادو، دالبندین، سبی اوربھکر میں 47 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں