اگلے سات دنوں میں کہاں کہاں اور کتنی بارشیں متوقع ہیں؟ تفصیلی پیشنگوئی آگئی

اسلام آباد(پی این آئی)موسم کی بڑی ویب سائٹ ویدر بسٹرز پاکستان کے مطابق رواں ہفتے دوپہر اور شام کے وقت گرج چمک اور آندھی کیساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ گرج چمک کے طوفان اس وقت خیبر پختونخواہ اور شمالی پنجاب میں کہیں کہیں بن چکے ہیں۔معمول سے زیادہ بارشیں اور معمول سے کم درجہ حرارت رہنے کا امکان ہے۔کسان کا موسم (اگلے 7 دن): رواں ہفتے دوپہر اور شام کے وقت گرج چمک اور آندھی کیساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ رواں ہفتے کے اختتام اور اگلے ہفتے کے آغاز میں کچھ دنوں کیلئے موسم صاف ہو جائیگا۔4 مئی رات 9 بجے سے 12 مئی رات 9 بجے تک۔کسان حضرات سے گزارش ہے کہ گندم کی کٹائی جلد از جلد مکمّل کر لیں تاکہ گندم کی کاشت کے تمام علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور آندھی سے فصل محفوظ رہے۔⦾ شمالی پنجاب: منگل سے جمعرات کے درمیان راولپنڈی، جہلم، لاہور، شیخوپورہ، اٹک، چکوال، میانوالی، سرگودھا، چنیوٹ، بھکّر، فیصل آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدّین، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال اور گجرات کے علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے طوفانوں کے کم از کم 2 طاقتور سلسلے متاثّر کر سکتے ہیں۔ان طوفانوں کیساتھ 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی آندھی بھی متوقع ہے، جبکہ اگلے 2 دنوں میں بعض مقامات پر آسمانی بجلی گرنے اور ژالہ باری کا خدشہ بھی ہوگا۔پنجاب کے شمال مغربی حصّوں بشمول پنڈی، چکوال، اٹک، بھکّر اور ملحقہ علاقوں میں تیز بارش کے امکانات نسبتاً زیادہ ہونگے۔ متوقع موسمی سرگرمی کے دن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔جمعہ سے اتوار کے درمیان درج بالا علاقوں میں یہ موسمی حالات چند مقامات پر دوبارہ رونما ہو سکتے ہیں، تاہم گرج چمک اور بارش کی شدّت نسبتاً کم ہوگی۔ درجہ حرارت میں بھی 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب: منگل سے جمعرات کے درمیان جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، وہاڑی، پاکپتّن، بہاولنگر، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان، لیّہ، خانیوال، رحیم یار خان، راجنپور اور لودھڑاں میں کہیں کہیں یا چند مقامات پر 1 سے 2 گرج چمک کے طوفان کے سلسلے اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ مٹّی کے طوفان بھی آ سکتے ہیں، جن میں ژالہ باری کے ساتھ ہواؤں 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی آندھی چل سکتی ہے۔متوقع موسمی سرگرمی کے دن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 5 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہو سکتے ہیں۔ تاہم جمعہ سے اگلے پیر کے درمیان گرج چمک اور بارش کے امکانات بہت کم ہونگے، جبکہ ہواؤں کیساتھ مطلع جوزی طور پر یا زیادہ تر ابر آلود رہیگا۔ہوائیں: شمال یا شمال مشرق کی سمت سے 10 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ، جبکہ جھکّڑ 35 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم رہیں گے۔جنوبی پنجاب میں رواں ہفتے ابر آلودگی اور ہوا میں نمی کا تناسب معمول سے زیادہ رہیگا۔ خیبر پختونخواہ: صوبے کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں پورا ہفتہ چند مقامات پر یا کہیں کہیں ہلکی سے معتدل شدّت کے کئی گرج چمک کے طوفان بن سکتے ہیں جس میں پشاور، مردان، ہزارہ (ایبٹ آباد)، مالاکنڈ اور کوہاٹ کے علاقے شامل ہیں۔ درج بالا علاقوں میں پورا ہفتہ گرج چمک کے طوفان بنتے رہیں گے، جبکہ بنّوں، لکّی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک کے علاقوں میں بھی گرج چمک کے طوفان بننے کی توقع ہے۔ اگلے 5 دنوں میں بلند مقامات پر 15 سے 30 ملی میٹر جبکہ میدانی علاقوں میں کُل 10 سے 25 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔ 5 مئی سے 7 مئی کے درمیان باالخصوص گرج چمک کیساتھ موٹی ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کا اندیشہ موجود رہیگا، جبکہ ساتھ 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ سندھ: 5 اور 6 مئی کو صوبے کے باالخصوص شمالی اور وسطی علاقوں بشمول گھوٹکی، لاڑکانہ، سکّھر، خیرپور، شکارپور، جیکب آباد، قمبر شہدادکوٹ اور نوشہرو فیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے طوفان بن سکتے ہیں۔ شمال مغرب کی سمت سے مٹّی کے طوفان کیساتھ 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی آندھی اور ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔جوبی سندھ کیلئے تیز ہواؤں کا الرٹ: رواں ہفتہ حیدرآباد، بدین اور میرپورخاص میں جنوب مغرب کی سمت سے 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں جبکہ 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکّڑ چل سکتے ہیں، جبکہ اس دوران کچھ علاقوں میں گرج چمک کے طوفان بننے کے تھوڑے بہت امکانات بھی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں