کراچی میں اگلے 24 گھنٹےمیں شدید گرمی کی نئی لہر کی پیش گوئی کر دی گئی

کراچی(آئی این پی ) محکمہ موسمیات نے جمعے سے 3 روزہ گرمی کی نئی لہر کی پیش گوئی کردی جب کہ ہیٹ ویو کا امکان نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے شہر میں گرمی کی نئی لہر کی پیش گوئی کردی،جس کے مطابق(آج) جمعہ 23 اپریل سے اتوار 25 اپریل کے دوران شہر میں موسم شدید گرم رہے گا،اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔ اسسٹنٹ میٹرولوجسٹ غلام حسین چنہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق دن کے وقت سمندری ہوائیں منقطع رہے گی،تاہم شام کے وقت سمندر کی ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے، گرمی کی لہر کے دوران شمالی اور شمال مغربی گرم وخشک ہوائیں شہر پر اثرانداز رہے گی۔ترجمان محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق گرمی کی نئی لہر کے دوران ہیٹ ویو کے امکانات نہیں ہیں،ہوا میں نمی کا تناسب دن کے اوقات میں 60 فیصد تک بڑھنے جبکہ سمندر کی جنوب مغربی ہواوں کا 72 گھنٹوں تک بندش جیسے عوامل شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گرمی کی لہر کے دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل لازم ہے خصوصا صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ سے بچنا ناگزیر ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو بھی مختصر وقت کے لیے سمندری ہوائیں متاثر ہوئیں،جس کے باعث شمالی سمت کی ہوائیں چلیں،تاہم بعدازاں سمندری ہوائیں بحال ہوگئیں جس کی رفتار 25 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close