اسلام آباد (پی این آئی) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل جمعرات کو خیبر پختونخوا، بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اورگلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ جنوبی پنجاب میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کی توقع ہے جب کہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو پنجاب کے خطہ پوٹھوہار، سرگودھا، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، نور پورتھل، لیہ ، بھکر، لاہور، قصور، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، حافظ آباد، گجرات اورساہیوال میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ علاوہ ازیں ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اورڈیرہ غازی خان میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کی توقع ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کل مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے تاہم سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، بونیر، مالاکنڈ، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، مردان، کوہاٹ، پشاور، کرم ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں