اسلام آباد(پی این آئی)موسم کی بڑی ویب سائٹ ویدر بسٹرز پاکستان کے مطابق ماہِ رمضان کا اگلا ہفتہ خوشگوار گزرے گا۔ کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ مطلع ابر آلود رہیگا۔ درجہ حرارت معمول سے کافی کم رہیں گے اور ہوائیں چلیں گی۔خیبر پختونخواہ کے تمام علاقوں، آزاد کشمیر، پنجاب، بلوچستان کے زیادہ تر مقامات اور سندھ۔مغربی ہواؤں کے یکے بعد دیگرے 2 سلسلے متوقع ہیں۔ پہلا سلسلہ پیر کی رات یا منگل کی صبح یعنی 19 یا 20 اپریل جبکہ ایک اور سلسلہ 22 یا 23 اپریل کو متوقع ہے، جس کے زیرِ اثر درج ذیل موسمی واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔🌩 پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔🌧 وسطی اور جنوبی خیبر پختونخواہ اور شمالی اور مشرقی بلوچستان میں ہلکی سے معتدل بارش کی توقع ہے۔جنوبی پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں مٹّی کے طوفان آ سکتے ہیں، جن میں ہواؤں کی رفتار 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔بلوچستان: 20 سے 23 اپریل کے درمیان مشرقی اور شمالی حصّوں بشمول ژوب، لورالائی، کوئٹہ، سبّی، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، جعفرآباد، نصیرآباد اور لسبیلہ کے علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ زیادہ تر معتدل بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔ موسمی سرگرمی 2 سے 3 گرج چمک کے طوفانوں کی صورت میں رونما ہو سکتی ہے جس سے درج بالا علاقوں میں 10 سے 30 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔ آندھی کی رفتار زیادہ سے زیادہ 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک متوقع ہے جبکہ ساتھ آسمانی بجلی گرنے کا اندیشہ بھی ہو سکتا ہے۔شمال مشرقی پہاڑوں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے 3 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ کم جبکہ مکران کی ساحلی پٹّی بشمول گوادر میں معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔ مطلع جزوی طور پر یا زیادہ تر ابر آلود رہیگا۔اگلا پورا ہفتہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں گرج چمک کے طوفان متاثّر کرتے رہیں گے۔ تاہم 21 یا 22 اپریل کو نسبتاً طاقتور گرج چمک کے طوفان متوقع ہیں جن میں ہواؤں کی رفتار 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ آسمنی بجلی گرنے کا اندیشہ اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ یہ موسمی صورتحال اگلے 5 دنوں میں اٹک، چکوال، میانوالی اور جہلم کے علاقوں میں اثر انداز ہو سکتی ہے۔گرج چمک کے طوفان کے 3 سے 4 سلسلے متاثّر کر سکتے ہیں۔ متوقع موسمی سرگرمی کے دن درجہ حرارت معمول سے 5 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے، جبکہ ٹھنڈی، تیز ہواؤں کیساتھ بارش ہو سکتی ہے۔گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لاہور، سرگودھا، بھکّر، فیصل آباد اور ساہیوال کے علاقوں میں اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے طوفان متاثّر کر سکتے ہیں جن سے 5 سے 15 ملی میٹر بارش جبکہ بعض مقامات پر 25 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ 20 اپریل اور پھر دوبارہ 22 اپریل کو موسمی سرگرمیوں کے سبب آندھیاں آنے کا امکان ہے۔ راجنپور، ڈی جی خان بشمول سلیمان کے پہاڑی سلسلے، مظفّرگڑھ، لیّہ، ملتان خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، وہاڑی، پاکپتّن اور رحیم یار خان کے علاقوں میں کہیں کہیں گرد اور گرج چمک کے طوفان متاثّر کرنے کے سبب ژالہ باری جبکہ 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی آندھی متوقع ہے۔ گرج چمک کے طوفانوں کی شدّت اور دورانیہ بالائی پنجاب کے نسبت زیادہ ہونے کی توقع ہے۔ موسمی سرگرمی کے دن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 6 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔پنجاب میں اگلے ہفتے بھی معمول سے زیادہ ابر آلودگی اور ہوا میں نمی جاری رہیگی۔ زیادہ تر اوقات مطلع جزوی طور پر یا زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ اگلے ہفتے کے اختتام تک مکمّل ابر آلود موسم متوقع ہے۔ 23 اپریل کو شمال مشرق کی سمت سے 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں جبکہ 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکّڑ متواقق ہیں۔اگلا پورا ہفتہ خیبر پختونخواہ کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں پشاور، مردان، ہزارہ (ایبٹ آباد)، مالاکنڈ اور کوہاٹ کے علاقوں میں بعض مقامات پر یا کہیں کہیں کئی مرتبہ ہلکی سے درمیانے شدّت کے گرج چمک کے طوفان بن سکتے ہیں۔ صوبے کے جنوبی حصّوں بشمول بنّوں، لکّی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک کے علاقوں میں نسبتاً طاقتور گرج چمک کے طوفان بن سکتے ہیں۔ اگلے 5 دنوں میں بلند مقامات پر 15 سے 30 ملی میٹر جبکہ میدانی علاقوں میں 10 سے 25 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔ 20 سے 23 اپریل کو گرج چمک کے طوفان بنتے رہیں گے جس کے سبب موٹی ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کا اندیشہ ہوگا۔ طوفان کے دوران ہواؤں کی رفتار 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک متوقع ہے۔باغ، پونچ اور میرپور سے شمال میں مظفّرآباد اور نیلم تک گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی سے معتدل بارش اور ٹھنڈی ہوائیں متوقع ہے۔دوپہر اور شام کے اوقات میں وادیِ سوات، ایبٹ آباد اور وادیِ نیلم میں موسمِ سرما کے طرز پر ٹھنڈی بارش متوقع ہے، جہاں اگلے ہفتے کے اختتام تک 50 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔انتہائی تیز بارش کا کہیں کوئی امکان نہیں۔ تاہم مطلع جزوی طور پر یا زیادہ تر ابر آلود رہیگا جبکہ درجہ حرارت معمول سے 5 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہیں گے۔ 19 سے 21 اپریل کے درمیان اور پھر دوبارہ 23 اپریل کو صوبے کے باالخصوص شمالی، وسطی اور انتہائی جنوبی حصّوں بشمول سکّھر، جیکب آباد، جامشورو، خیرپور، لاڑکانہ، دادو اور ملحقہ شمالی نوابشاہ کے علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے طوفان متوقع ہیں۔شمال مغرب کی سمت سے مٹّی کے طاقتور طوفان آ سکتے ہیں جن میں آندھی کی رفتار 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے جبکہ تیز بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔صوبے کے جنوبی علاقوں بشمول حیدرآباد اور کراچی میں بھی اس دوران گرج چمک کے طوفان بن سکتے ہیں۔البتّہ بدین، مٹّھی اور اس سے ملحقہ تھرپارکر کے علاقوں بشمول اسلامکوٹ اور عمرکوٹ میں گرج چمک کے طوفان بننے کے امکانات نسبتاً زیادہ ہونگے۔بروز منگل کراچی اور حیدرآباد میں تیز ہوائیں متوقع: کراچی میں 35 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں اور 60 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد کے جھکّڑ متوقع ہیں جبکہ حیدرآباد اور میرپورخاص میں زیادہ سے زیادہ ہواؤں کی رفتار 70 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک متوقع ہے۔ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے جو کہ معمول سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ کم سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے، جبکہ دن کے وقت مغرب یا جنوب مغرب کی سمت سے ہوائیں چلیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں