ریکارڈ توڑ گرمی، اگلے چار دن انتہائی اہم ہیں، ماہرین موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

کراچی (پی این آئی) کراچی کیلئے ایک اور ہیٹ ویوو کا الرٹ جاری۔ تفصیلات کے مطابق ماہرین موسمیات نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے موسم کے حوالے سے ایک نیا الرٹ جاری کیا ہے۔ چند روز قبل ہی کراچی نے شدید ہیٹ ویوو کا سامنا کیا تھا، جبکہ اب دوبارہ ایک نئی ہیٹ ویوو کا الرٹ

جاری کیا گیا ہے۔ ماہرین موسمیات نے اگلے 4 روز شہر قائد میں معمول سے زیادہ گرم موسم کی پیشن گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو دن کے وقت نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کے رواں ماہ کے آغاز میں کراچی میں گرم ترین دن کا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔ شہر قائد کراچی میں اپریل کے آغاز سے ہی سورج آگ برسانے لگا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 3 اپریل کا دن کراچی میں ناصرف رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا، بلکہ اپریل کے ماہ میں گرم ترین دن کا 74 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔3 اپریل کو کراچی میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔بتایا گیا ہے کہ اپریل 1947 کے بعد پہلی مرتبہ کراچی میں اپریل کے ماہ میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد کو چھو گیا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے بعض اضلاع میں خشک سالی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ سال اکتوبر 2020 تا مارچ 2021 کے دوران ملک میں معمول سے 33.2 فیصد کم بارشیں ہوئی ہیں اور موسم سرما کے دوران کم بارشوں کے سبب جنوبی بلوچستان و سندھ کے بعض اضلاع میں خشک سالی کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔رپورٹ کے مطابق خشک سالی کے باعث متعلقہ اضلاع میں زراعت اور لائیو اسٹاک متاثر ہو سکتا ہے۔ اس حوالی سے محکمہ موسمیات نے خشک سالی کے بارے میں باضابطہ الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بلوچستان کے اضلاع چاغی، گوادر، ہرنائی، کیچ، خاران، مستونگ، نوشکی، پشین اور پنجگور میں درمیانے درجہ کی خشک سالی کا خدشہ ہے جبکہ سندھ کے جنوبی اضلار بدین، قمبرشہدادکوٹ، میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، ٹھٹھہ، تھرپارکر اور سجاول میں بھی کم درجہ کی خشک سالی کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close