کراچی(پی این آئی) کراچی کیلئے رواں سال کے دوران اب تک کی سب سے شدت والی ہیٹ ویوو کا الرٹ جاری، شہر قائد میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جانے کا امکان، شہریوں کو صبح 11بجے سے شام 4 بجے تک دھوپ سے بچنے کی تلقین۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے ہیٹ ویو کی دوسری ایڈوائزری جاری کردی ہے۔شہرقائد میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے، جمعرات کوشہر
کا درجہ حرارت 41 سے 42 ڈگری کے درمیان ریکارڈ کیاگیا۔ جمعہ کے روز گرمی کا پارہ 39 سے 41 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔ جبکہ ہفتے کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دوبارہ 41 سے 42 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شہر قائد میں بلوچستان کی گرم وخشک ریگستانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے، گرمی کی لہر کے دوران دن کے وقت سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں منقطع رہ سکتی ہیں، اسی لیے شہریوں کو دن کے وقت نقل و حرکت محدود کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھنے کی پیشن گوئی کی گئی تھی۔ جاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ کراچی کے علاوہ جنوبی پنچاب، مشرقی اور جنوبی بلوچستان کے میدانی علاقوں میں بھی گرمی ہو گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے نیم پہاڑی علاقوں میں بھی گرمی میں اضافہ ہو گا جب کہ سندھ اوربلوچستان میں گردآلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے دوران ہیٹ ویو شہریوں کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ چٹ پٹے اور مصالحے دار کھانوں سے کچھ دن دور رہیں۔دوران ہیٹ ویو شہریوں کے لئے دہی، لسی اور ستو گرمی میں فائدے مند ہے۔تربوز اور خربوزہ کھائیں جو جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ضرورت کے تحت گھر سے نکلنا ہو تو سر کو ڈھانپ کر نکلیں۔ہلکے رنگوں والے کپڑے پہنیں۔جہاں تک ممکن ہو رش سے دور اور سایہ دار مقام پر رہیں اور سورج سے بچنے کے لیے چھتری کا استعمال ضرور کریں۔بچوں کو تپتی گرمی سے ہرصورت محفوظ رکھیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں