لاہور (پی این آئی)محکمہ موسمیات نے دس سے پندرہ مارچ کے درمیان بارشوں کی پیشنگوئی کر دی جبکہ پنجاب کے دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز ملک کے بیشتربالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا۔ اس دوران خیبر پختونخوا،
کشمیر، گلگت بلتستان،اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، اٹک، چکوال،جہلم، گوجرانوالہ ، گجرات ، سیالکوٹ ، نارووال، سرگودھا،میانوالی اورخوشاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کل سندھ اور بلوچستان میں موسم خشک رہے گا جبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے اکثر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔مغربی ہواؤں کا سلسلہ پہنچ چکا ہے خیبر پختونخوا، شمالی #پنجاب اور گلگت بلتستان میں ابرالودگی کا باعث بن رہا ہے۔ ہلکی سے معتدل بارش کے ساتھ 9000 سے 10000 فٹ سے بلند مقامات پر برفباری متوقع ہے۔ توقع ہے کہ #پشاور اور وادیِ سوات میں بعد از دوپہر یا شام چند ایک مقامات پر یا کہیں، کہیں #گرج #چمک کے طوفان بننے کا عمل شروع ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں شمالی خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں، اٹک، میانوالی، خطّہٰ پوٹھوہار بشمول #راولپنڈی اور اسلام آباد میں گرد کے کمزور طوفان رونما ہونے کے امکانات ہیں۔ جبکہ شمال مشرقی پنجاب بشمول جہلم سے سیالکوٹ تک رات کے اوقات میں کمزور شدّت کے گرد کے طوفان متاثّر کر سکتے ہیں۔ ہواؤں کی رفتار 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی جبکہ جھکّڑ 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک چل سکتے ہیں۔ چند ایک مقامات پر بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ ایبٹ آباد میں آج شام بارش کے 60 فیصد امکانات ہیں۔ سرگودھا، منڈی بہاؤالدّین اور گوجرانوالہ میں بھی گرج چمک کے طوفان بننے کی صورت میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے کچھ امکانات ہیں۔10سے 15مارچ کے درمیان بھی بارشوں کے قوی امکانات ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں