موسم کے تیور پھر سے بدل گئے، کئی شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری، محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی آگئی

لاہور (پی این آئی) موسم کے تیور پھر سے بدل گئے، لاہور سمیت مختلف علاقوں میں بارش شروع۔ تفصیلات کے مطابق کئی ہفتوں سے بارش سے محروم پنجاب کے کئی شہروں میں اچانک بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت بالائی پنجاب کے کئی شہروں میں بارش نے مرجھائے

شہرے کھلا دیے۔ بارش کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بھی اہم پیشن گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں کل بھی گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کل ملک کے کئی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا۔ ہفتے کی رات کو اچانک ہونے والی بارش نے کئی علاقوں میں پیدا ہو جانے والی خشک سالی کی صورتحال کو فی الحال تبدیل کر دیا ہے۔ کچھ روز قبل ماہرین موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ رواں موسم سرما کے دوران ملک میں معمول سے کم بارشیں ہوئی۔ماہرین موسمیات نے بتایا کہ عمومی طور پر فروری مارچ میں بارشیں ہوتی ہیں مگر اس بار بارشیں برسانے والاسسٹم نہیں بنا اسی لیے گزشتہ دو ماہ میں معمول سے انتہائی کم بارشیں ہوئی۔معمول سے کم بارشیں ہونے کی وجہ سے ہی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم قدرے گرم ہو گیا تھا۔ تاہم اب بتایا گیا ہے کہ ملک میں مغربی ہواوں کے سلسلے کے داخلے کے بعد کئی علاقوں میں بارش اور برفباری شروع ہو چکی ہے۔سرد ہواوں کے ملک میں داخل ہونے اور بارش و برفباری کے بعد جاتی سردی دوبارہ لوٹ آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جہاں پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش ہو رہی ہے، وہیں بلوچستان کے کئی علاقوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخواہ کے کئی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ بلوچستان اور شمالی علاقہ جات میں برفباری نے موسم دوبارہ انتہائی سرد کر دیا۔ جبکہ بلوچستان، خیبرپختونخواہ کے کئی علاقوں اور پنجاب کے بھی کچھ علاقوں میں بارش سے موسم کچھ سرد ہوگیا۔

close