موسم سرما کی واپسی، مغربی ہوائوں کا سلسلہ ملک میں موجود، کہاں کہاں بارش ہو گی اور کہاں برفباری؟ محکمہ موسمیات نے ٹھنڈی ٹھنڈی پیشنگوئی کر دی

لاہور (پی این آئی) اس بار سردیوں میں بارشوں کا تناسب ویسا نہیں رہا جیساکہ عموماً ہوتا ہے۔نہ تو برسات کی جھڑی لگی رہی اور نہ ہی صبح شام بارش کی رم جھم کہ گھر سے نکلنا ہی محال ہی جائے،البتہ اس بار دھند نے کافی دیر تک ڈیے جمائے ہوئے ہیں۔تاہم اب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مغربی ہواؤں کا

ایک کمزور سلسلہ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں موجود ہے جو آئندہ دو سے تین روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔کشمیر میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔تاہم خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، شمالی بلوچستان، کشمیر، اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں بارش ہوئی۔کالام 27، مالم جبہ 17، پشاور، بالاکوٹ 13، دیر 06، میرکھانی 07، سیدو شریف 06، دروش، پارا چنار 04، تخت بائی 02، استور، چلاس 06، بگروٹ 04، بونجی 03، گلگت 02، بزرویٹری 02، مظفر آباد 02، گڑھی دوپٹہ 01، اسلام آباد 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ منفی 03، پارا چنار منفی 02 اور کالام میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔بارشوں کی کمی کی وجہ سے اس موسم میں خشک سالی رہی تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ بارشوں کی آمد کے ساتھ موسم کیسا رہتا ہے اور خاص طور پر جب گندم پک کر تیار ہو جائے گی اس وقت بارشوں کی صورت حال کیا ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں