رواں ہفتے بارشوں کا کوئی امکان نہیں، موسم سے متعلق پیشنگوئی کر دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)موسم کی ویب سائٹ ویدر بسٹرز پاکستان کے مطابق ملک بھر میں مطلع صاف رہیگا اور دھوپ ہوگی۔ پنجاب میں رات سے صبح سویرے کے اوقات میں دھند بننے کی توقع ہے۔رواں ہفتے پاکستان کے کسی بھی حصّے میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ مغربی ہواؤں کا خشک سلسلہ رواں ہفتے کے اختتام تک ملک

کے انتہائی شمال کے علاقوں کو متاثّر کر سکتا ہے۔کشمیر، خیبر پختونخواہ کے بلند مقامات اور گلگت بلتستان: گلگت بلتستان میں درجہ حرارت معمول سے کم جبکہ اگلے 5 دنوں میں معمول سے انتہائی کم رہنے کا امکان ہے۔ مغربی ہواؤں کے سلسلے کی آمد سے قبل گلگت بلتستان میں سردی کی لہر کمزور پڑ جاۓ گی، چنانچہ جمعہ کی رات سے اتوار تک مطلع زیادہ تر ابر آلود رہیگا۔ اس وجہ سے درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے۔ ہفتے سے اتوار کے دوران ملک کے انتہائی شمال کے مقامات بشمول چترال اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی برفباری یا بارش ہو سکتی ہے۔پنجاب: موسم خشک اور صاف رہیگا جبکہ درجہ حرارت معمول سے 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ کم یا معمول کے قریب رہنے کا امکان ہے، جو کہ جمعہ اور سنیچر کو بڑھ کر معمول سے چند ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہو جائیں گے۔بالائی پنجاب میں سال کے اس وقت کے حساب سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول کے قریب یا معمول سے تھوڑا زیادہ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے تھوڑا کم رہنے کا امکان ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بدھ اور جمعہ کو دن کے وقت شمال مغرب سے 20 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں چل سکتی ہیں جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 سے 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد کے علاقوں میں چند مقامات پر رات اور صبح کے وقت رواں ہفتے 2 سے 4 راتوں کو دھند پڑ سکتی ہے تاہم اسکے امکانات کم ہونگے۔جنوبی پنجاب بشمول ملتان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 1 سے 2

ڈگری سینٹی گریڈ کم جبکہ کم سے کم درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔ ایک یا دو راتوں کو چند ایک مقامات پر دھند پڑ سکتی ہے تاہم اسکے امکانات کم ہونگے۔خیبر پختونخواہ: پورے ہفتے موسم صاف رہیگا اور دھوپ ہوگی۔ رات کے درجہ حرارت معمول کے قریب جبکہ دن کے درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس میں پشاور، مردان، کوہاٹ اور ڈی آئی خان ڈویژن اور سابقہ فاٹا کے علاقے شامل ہیں۔سندھ: صوبے کے زیادہ تر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ چل رہے ہیں، جو کہ ہفتے کے گزر کیساتھ ساتھ بڑھ کر معمول سے 1 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ کم پر آ جائیں گے۔ اندرون سندھ باالخصوص مغربی اور وسطی سندھ میں اگلے چند

دنوں میں صبح کے اوقات کُہرا پڑنے کے امکانات ہیں۔جنوبی سندھ میں دن کے وقت درجہ حرارت سکون دہ حد تک گرم ہونگے۔ کراچی اور حیدرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے جبکہ ساتھ 10 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ہواؤں کی رفتار نسبتاً کم رہنے کے باعث صوبائی دارلحکومت میں ہوا کا معیار خراب رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان میں دن کے وقت ہوائیں چلیں گی جبکہ اگلے 3 دنوں تک معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کم درجہ حرارت جاری رہیں گے۔ مغربی ہواؤں کے سلسلے کے آنے سے قبل صوبے کے شمال مشرق سے جنوب مغرب تک درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے۔ اس کے سبب درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے

بھی زیادہ ہو جائیں گے۔اگلے 3 دنوں تک کوئٹہ میں بھی درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے جبکہ دن کے وقت شمال مغرب کی سمت سے 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکّڑ چل سکتے ہیں۔ کیچ بشمول تربت اور مکران کی ساحلی پٹّی بشمول گوادر میں درجہ حرارت سال کے اس وقت کے حساب سے معمول کے مطابق یا معمول سے 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close