اگلے سات دنوں میں کہاں کہاں بارش اور کہاں برفباری کا امکان ہے؟ موسم کا حال بتانے والوں نے پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد(پی این آئی)موسم کی بڑی ویب سائٹ ویدر بسٹرز پاکستان کے مطابق اگلے 7 دنوں کی ملک بھر کی پیشگوئی: آزاد کشمیر اور شمالی خیبر پختونخواہ میں بڑے پیمانے پر تیز بارش اور برفباری کا امکان۔ بلوچستان میں تیز ہوائیں چلنے کی توقع۔ سندھ بشمول کراچی میں شدید سردی کا امکان۔ہوا کا ایک طاقتور کم

دباؤ شمال مشرق کی جانب بڑھیگا، جس کے سبب کشمیر اور بالائی خیبر پختونخواہ میں بڑے پیمانے پر تیز بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ بالائی پنجاب اور شمالی خیبر پختونخواہ کے میدانی علاقوں میں تیز ہواؤں کیساتھ کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔ بلوچستان بھر میں انتہائی سرد ہواؤں کیساتھ ریت کا طوفان متوقع ہے جبکہ بلوچستان اور سندھ میں معمول سے انتہائی کم درجہ حرارت رہنے کا امکان ہے۔کشمیر میں مظفّرآباد اور اس سے ملحقہ علاقوں میں 3500 فٹ سے زائد بلندی پر برفباری جبکہ وادیوں میں 30 سے 50 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے، جو کہ جمعہ کی دوپہر یا شام کو شروع ہوگی اور اتوار کی صبح تک جاری رہ سکتی ہے۔ راولاکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں 60 ملی میٹر سے زائد بارش جبکہ برفباری کی سطح 5000 فٹ یا اس سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔پنجاب کے انتہائی شمال کے علاقوں بشمول راولپنڈی اور اسلام آباد میں جمعہ کی رات کو تیز ہواؤں کیساتھ کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ سنیچر کے روز بھی وقفے وقفے کیساتھ بارش متوقع ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ میرپور، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، منڈی بہاءالدّین، اٹک اور چکوال کے علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی سے متعدل بارش ہو سکتی ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا اور تھل بشمول خوشاب کے علاقوں میں چند اوقات بوندا باندی کا امکان ہے۔مالاکنڈ، ہزارہ، چترال سے لے کر وادیِ سوات تک بڑے پیمانے پر یا کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

وادیِ کاغان میں 7000 فٹ سے بلند مقامات پر 1.5 سے 2.5 فٹ سے زائد برف پڑ سکتی ہے۔ وادیِ پشاور کے مشرقی علاقوں بشمول مردان میں 10 سے 20 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے جبکہ بعض مقامات پر 25 ملی میٹر سے زیادہ بارش بھی ہونے کا امکان ہے۔ ایبٹ آباد میں کُل 35 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ پشاور شہر میں صرف ہلکی بارش کا امکان ہے۔پنجاب کے وسطی حصّوں میں بارش کا خاطر خواہ کوئی امکان نہیں جبکہ جنوبی پنجاب میں موسم خشک رہیگا۔ اس کا مطلب ہوا کہ فیصل آباد، ملتان، خانیوال، ڈی جی خان، بہاولپور، ساہیوال، وہاڑی، پاکپتّن اور رحیم یار خان کے علاقوں میں موسم زیادہ تر خشک رہیگا۔اتوار کی رات یا پیر سے گلگت بلتستان کے مشرقی علاقوں بشمول سکردو اور استور میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوگا۔

برفباری یا بارش کے امکانات شمال مغرب کی سمت میں تیزی سے کم ہوتے جائیں گے۔ برفباری کا سلسلہ جمعرات تک وقفے وقفے کیساتھ جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران گلگت میں ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔رواں ہفتے موسم خشک رہیگا۔ صوبے میں 21 جنوری (جمعرات) سے ہوائیں چلنا شروع ہونگی جن کی رفتار جنوب مغرب کی سمت سے 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ تاہم 22 جنوری کو انتہائی تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ پنجگور اور تربت (کیچ) میں شمال کی سمت سے ہواؤں کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر سکتی ہے جبکہ کوئٹہ میں شمال مغرب کی سمت سے 75 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھکّڑ چل سکتے ہیں۔ صوبائی دارلحکومت میں دن کے درجہ حرارت 1 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک آ جائیں گے، جبکہ

محسوس کئے جانے والا درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ چنانچہ 22 جنوری کی شب سے پورے خطّے میں ریت کا طوفان برپا ہوگا۔ کوئٹہ سے مکران کے ساحل تک تیز ریتیلی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔درجہ حرارت سال کے اس وقت کے معمول سے 10 سے 15 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہنے کا امکان ہے۔ ان تیز ٹھنڈی ہواؤں کے بعد سردی کی لہر متوقع ہے۔ مکران کے ساحلی علاقوں بشمول اورماڑا اور پسنی میں بھی جمعہ کے روز پورا دن 65 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔21 سے 23 جنوری کے دوران صوبے میں ہوائیں چلیں گی، جس کے سبب ہوا کا معیار بلوچستان کی سمت سے آنے والی ریتیلی ہواؤں کے سبب خراب ہو جائیں گے، ورنہ دھوپ ہوگی۔ جنوبی سندھ بشمول حیدرآباد اور کراچی میں نسبتاً تیز ہوائیں چلیں گی، جہاں مغرب کی سمت سے زیادہ سے زیادہ ہواؤں کی رفتار 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک

پہنچ سکتی ہے۔ اگلے 2 دنوں میں درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ہوگا، جس کے بعد زریں سندھ کے زیادہ تر حصّوں میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ گر جائیں گے۔ اس دوران درجہ حرارت معمول سے انتہائی کم رہنے کی توقع ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی کم ہو جانے کی توقع ہے! اندرون سندھ اور تھرپارکر میں اگلے ہفتے کے اختتام تک رات کے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کی توقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close