مکہ مکرمہ(پی این آئی) سعودی محکمہ موسمیات نے اہم وارننگ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق آج اتوار تک مسلسل چار روزمملکت کے تمام بڑے شہروں میں طوفانی بارشیں ہوں گی، جس کے باعث کئی مقامات پر سیلاب بھی آ جائے گا۔ لوگوں کو خبردار رہنے کی تاکید کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان
بارشوں کی وجہ سے سعودیہ میں اگلے دو ہفتے شدید سردی کا موسم رہے گا۔گرج چمک کے ساتھ مسلسل ہونے والی بارشوں کے باعث مکہ مکرمہ، ریاض، عسیر ، باحہ ، حائل اور دیگر کئی علاقوں میں سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔اس کے علاوہ مدینہ منورہ،تبوک، قصیم ، جانزان، حائل، الجوف، شمالی ریجن اور الشرقیہ میں بھی کہیں بہت تیز اور کہیں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ بارش سے قبل گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی جن سے ڈرائیورز کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اگلے چار روز کے دوران خراب موسم کی صورت میں گھروں سے بغیر ضرورت باہر نہ نکلیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے سوشل میڈیا ویب سائٹس پر موسم کے حوالے سے وقتاً فوقتاً اطلاع دی جاتی رہے گی۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مقامی افراد اور تارکین سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی پکنک کی غرض سے نہ جائیں۔کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی اکٹھا ہونے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔خصوصاًگاڑیوں کے وائپرزکو سفر سے پہلے چیک کر لیا جائے کیونکہ بارش ہونے کی صورت میں وائپر خراب ہونے پر گاڑی چلانے میں انتہائی دشواری ہوتی ہے اور حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ تمام ڈرائیورز حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور طغیانی والے علاقوں سے دُور رہنا ہی بہتر ہو گا۔ کیونکہ ماضی میں بارشوں کے دوران کئی سیاحوں اور ڈرائیورز کی وادیوں میں پانی میں پھنس جانے سے جانیں جا چکی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں